گروپ ڈی آٹھ کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں : جواد ظریف
ایران کے وزیرخارجہ نے ڈی آٹھ کے رکن ممالک کے ساتھ مختلف میدانوں میں بھرپور تعاون پر آمادگی ظاہر کی ہے -
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قزاقستان کے دارالحکومت آستانہ میں منعقدہ گروپ ڈی ایٹ کے وزرائے خارجہ کے آنلائن اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے تجارت کو آسان بنانے، نقل و حمل کے ذرائع کو بڑھانے، اور سیاحت، ٹیکنالوجی نیز انسانی وسائل کے فروغ کو ڈی ایٹ کی ترجیحات میں قرار دیا اور کہا کہ ایران ان تمام میدانوں میں بھرپور تعاون کرنے کے لئے تیار ہے۔
ایران کے وزیرخارجہ نے کورونا کے بحران اور رکن ممالک کی معیشت پراس کے تخریبی اثرات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے پتہ چلتا ہے کہ صحت سے متعلق پیدا ہونے والا ایک بحران کس طرح، اقتصادی، تعلیمی اور سماجی میدان بحران اور عالمی معاشرے میں عدم مساوات پیدا کرسکتا ہے۔
ڈی ایٹ کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بنگلادیش کے وزیرخارجہ کی صدارت میں منعقد ہوا اور اس میں مصر ، انڈونیشا ، اسلامی جمہوریہ ایران ، ملیشیا ، نائجیریا ، پاکستان اور ترکی کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ ڈی ایٹ کے رکن ممالک کا آنلائن سربراہی اجلاس جمعرات کو آستانہ میں ہوگا۔