ایران ، تمام پابندیوں کے خاتمے پر ڈٹا ہوا ہے : خطیب زادہ
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ تہران ، گروپ چارجمع ایک کے ساتھ مذاکرات میں پابندیوں کے مکمل خاتمے پر ڈٹا ہوا ہے-
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے پیر کو ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران کی حتمی پالیسی یہ ہے کہ امریکہ ، قرارداد بائیس اکتیس کے تحت ایٹمی سمجھوتے میں پوری طرح واپس آئے اور معاہدے کی ایک ایک لفظ پر عمل کرے ۔
انھوں نے کہا کہ نہ ہی ہمیں کوئی جلدی ہے اور نہ ہی ہم مذاکرات کو طول دینے کے کھیل میں شامل ہوں گے بلکہ امریکہ کو بیک وقت پوری طرح ایٹمی سمجھوتے میں واپس آنا پڑے گا اور ہم اس کی واپسی کی سچائی کو پرکھیں گے ۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ وزیرخارجہ محمد جواد ظریف کے علاقے کے دورے کا ، ویانا میں ایٹمی سمجھوتے کے مشترکہ کمیشن کے مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ انھوں نے کہا کہ جواد ظریف کا خلیج فارس کے علاقے کے ممالک کا دورہ ، رمضان ڈیموکریسی کے تناظر میں انجام پایا ہے اور اس دورے کا سلسلہ تمام اسلامی ممالک تک جاری رہ سکتا ہے۔
خطیب زادہ نے ایران اور امریکہ کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سلسلے میں شائع ہونے والی خبروں کے بارے میں کہا کہ قیدیوں کا موضوع ایک انسانی موضوع ہے اور اس پر ایٹمی سمجھوتے یا دیگر مسائل سے بالا تر ہو کر غور کیا گیا ہے ۔
خطیب زادہ نے ایران و سعودی عرب کے درمیان مذاکرات اور ریاض کے ساتھ تعلقات کے لئے سنجیدہ اقدام انجام پانے کے سلسلے میں کہا کہ ایران ہمیشہ اپنے پڑوسیوں منجملہ سعودی عرب کے ساتھ ہرشکل میں اور ہر سطح پر مذاکرات کے لئے تیار رہا ہے ۔