صیہونیوں کے جرائم میں شدت پر تشویش کا اظہار
May ۱۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۰۴ Asia/Tehran
ایران کے وزیر خارجہ نے فلسطینیوں کے خلاف صیہونیوں کے جرائم میں شدت پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔
بدھ کو دمشق پہنچنے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایران کے وزیر خارجہ ڈاکٹر محمد جواد ظریف کا کہنا تھا کہ عالمی یوم قدس کے بعد سے صیہونیوں کے مجرمانہ اقدامات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد الاقصی اور مقبوضہ علاقوں میں غیر معمولی واقعات پیش آرہے ہیں اور غزہ پر بمباری نے خطے کی صورتحال کو مزید ابتر بنادیا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے شام کو مزاحمتی بلاک کا پیشرو ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطہ اس وقت خاص صورتحال سے گز ر رہا ہے۔
اپنے دورے کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طے پایا تھا کہ شام میں انتخابات سے قبل اس ملک کا دورہ اور شامی حکام سے اہم مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔