ایران، دنیا میں کورونا ویکسین بنانے والا چھٹا ملک بن گیا
کمرشکن پابندیوں کے دور میں اسلامی جمہوریہ ایران کورونا ویکسین تیار کرنے والے دنیا کے چھے ممالک میں شامل ہو گيا۔
"کوو ایران برکت" ویکسین کی تیاری اور اس کے استعمال کی اجازت ملنے کے بعد ایران دنیا میں کورونا ویکسین تیار کرنے والے 6 ممالک میں شامل ہو گيا ہے۔
یہ بات امام خمینی ایگزيٹو کمیٹی کے سربراہ "محمد مخبر" نے بدھ کے روز قائد اسلامی انقلاب آیت اللہ خامنہ ای کے نام ایک خط میں کہی۔
انہوں نے وزارت صحت کی جانب سے "کوو ایران برکت" ویکسین کے استعمال کا پرمٹ جاری کئے جانے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران، دنیا میں کورونا ویکسین تیار کرنے والے 6 ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔
محمد مخبر نے کہا کہ اس کامیابی سے ساری دنیا میں اسلامی جمہوریہ ایران کی عزت وقار میں اضافہ ہوا ہے۔
فرمان امام خمینی (رہ) فلاحی و تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ جو ممالک اس طرح کی ویکسین تیار کرتے ہیں؛ ان میں دستیاب معلومات کے مطابق، چین میں فی لیٹر پیداواری صلاحیت 300 خوراکیں جبکہ ہندوستان میں 1800 خوراکیں فی لیٹر ہے، لیکن وطن عزیز ایران کے نوجوان سائنسدانوں کی کوششوں سے "کوو ایران برکت ویکسین " میں یہ صلاحیت 3500 خوراکیں فی لیٹر تک پہنچ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دوسری طرف، ایران کوو برکت ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کیلئے 6 ماہ سے بھی کم عرصے میں اور جدید بین الاقوامی اور پابندیوں میں حائل رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے ہر ماہ 25 ملین سے زیادہ اور سالانہ 300 ملین خوراکوں کی مجموعی صلاحیت کیساتھ ، دو جدید پروڈکشن لائن قائم کی گئیں ۔
مخبر نے اس بات پر زور دیا کہ جیسا کہ پچھلی پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے؛ اس ویکسین کی مجموعی پیداوار ستمبر کے آخر تک 50 ملین سے زیادہ خوراکوں سے ہوگی۔