آج پوری دنیا کی نگاہیں انتخابات پر لگی ہوئی ہیں ، صدر روحانی
صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے تیرہویں صدارتی انتخابات میں ووٹنگ کے بعد زور دے کر کہا کہ آج پوری دنیا کی نگاہیں ایران کے انتخابات پر لگی ہوئی ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے جمعے کو انتخابات میں شرکت کے بعد کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ یہ انتخابات ان کے لئے اور اسلامی جمہوری نظام کے لئے کتنے اہم ہیں۔ صدر حسن روحانی نے صدارتی انتخابات کو ملک کا اہم ترین الیکشن قرار دیا اور کہا کہ ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ صدارتی امیدواروں کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے سے پہلے اور اس کے بعد اب تک پیش آنے والے مسائل و مشکلات پر توجہ نہ دیتے ہوئے پولنگ بوتھوں پر پہنچ کر اپنے مدنظر امیدوار کو ووٹ دیں۔
صدر حسن روحانی نے بروقت اور بلاتاخیر انتخابات کے انعقاد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ وزیرداخلہ نے آج جو رپورٹ پیش کی ہے اس میں امن و سیکورٹی کے لحاظ سے پورے ملک میں بدامنی کا کوئی ایک واقعہ بھی پیش نہیں آیا اور یہ بہت اہم ہے۔ ایران کے صدر نے مزید کہا کہ عوام کے حفظان صحت کا خیال رکھتے ہوئے تمام انتخابی حلقوں اور پولنگ بوتھوں پر میڈیکل پروٹوکول کی پابندی کی جا رہی ہے اور ہم قدم بہ قدم اور مرحلہ بہ مرحلہ الکٹرانک الیکشن کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں۔