Jun ۲۹, ۲۰۲۱ ۱۹:۵۴ Asia/Tehran
  • استقامتی میڈیا پر پابندی عائد کر کے اُسے آگے بڑھنے سے نہیں روکا جا سکتا: ڈائریکٹر جنرل آئی آر آئی بی

اسلامی جمہوریہ ایران کے نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے سربراہ علی عسکری نے کہا ہے کہ استقامتی میڈیا پہلے سے زیادہ مضبوطی سے اپنی راہ پر گامزن رہے گا۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق آئی آر آئی بی کے سربراہ عبد العلی علی عسکری نے کہا کہ امریکہ کی سربراہی میں عالمی سامراج اور صیہونیزم کی جانب سے استقامتی میڈیا کی راہ میں روڑے اٹکائے جانے کے باوجود وہ اپنی راہ پر پہلے سے زیادہ مضبوطی سے گامزن رہے گا ۔

علی عسکری نے اسلامی ریڈیو ٹیلی ویژن یونین کی جنرل اسمبلی کے دسویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی میڈیا کو پرعزم جہادی اور ثابت قدم  انسانوں کی حمایت و پشتپناہی حاصل ہے اور وہ اپنی راہ کو جاری رکھے گا۔

آئی آر آئی بی کے سربراہ نے کہا کہ اگر کسی ایسے پودے کی شاخ و برگ کو کاٹ دیں جس کی جڑیں زمین کے اندر پیوست ہیں تو درحقیقت ہم نے اس کی چھنٹائی کی ہے اور ایسا پودا مزید پھل دار ہو جاتا ہے۔  

علی عسکری نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دشمنوں کو استقامتی محاذ کے میڈیا کو بند کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا، کہا کہ ہمیں جان لینا چاہئے کہ یہ ذرائع ابلاغ مستقبل میں پہلے سے زیادہ مضبوطی سے کام کریں گے اور اگر تاریخ پر نگاہ ڈالی جائے تو یہ نظرآ‏ئے گا  اور اس سلسلے میں اللہ تعالی نے مدد کا وعدہ کیا ہے۔

صحافتی انصاف اور آزادی بیان کے زیرعنوان اسلامی ریڈیو ٹیلی ویژن کی جنرل اسمبلی کا دسواں اجلاس ، تہران میں منعقد ہوا ہے ۔ اس اجلاس میں مختلف ممالک کے ذرائع ابلاغ کے نمائندے موجود ہیں۔ 

اس اجلاس کو کورونا ایس او پیز کی مکمل پابندی کے ساتھ منعقد کیا گیا ہے جبکہ کئی ملکوں کے میڈیا عہدیداروں نے اجلاس میں آنلائن شرکت کی ہے۔

ٹیگس