ہماری ترقی 42 سال پہلے شروع ہوئي ، اب ہم عالمی طاقت ہیں، مغرب نے پوری انسانیت کو مسائل میں ڈالا، وزیر دفاع
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر دفاع نے کہا ہے کہ آٹھ سالہ مقدس دفاع اور پھر اس کے بعد ملک کے خلاف بھاری پابندیوں اور محاصرے نے ہمیں پیش رفت و ترقی کے ایسے ماڈل کی سمت بڑھایا کہ آج ہم اس کی بدولت اور ملک کے نوجوان دانشوروں کی مدد سے عالمی طاقت بن چکے ہيں۔
بریگیڈئير جنرل حاتمی نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی ترقی ، اسلامی انقلاب کی کامیابی سے شروع ہوئی اور اب تک جاری ہے۔
وزير دفاع امیر حاتمی نے کہا کہ ایران کی ترقی کا عمل 42 سال پہلے شروع ہوا تھا اور آج تک جاری ہے ۔
وزير دفاع نے کہا کہ مغربی روش میں ، ترقی کے جس ماڈل کا تعین کیا جاتا ہے وہ مقامی حالات و تقاضوں سے مطابقت نہيں رکھتا اور آٹھ سالہ جنگ اور ملک کے خلاف دفاعی شعبے میں سخت پابندیوں کی وجہ سے ہم ترقی کا ایسا ماڈل بنانے میں کامیاب ہو گئے کہ جس کی بناء پر آج ہم ، ملک کے سائنس دانوں کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے اور ملک کی ضرورتوں کے حساب سے منصوبہ بندی کر رہے ہيں اور آج ہم ایک عالمی طاقت بن چکے ہيں ۔
وزیر دفاع امیر حاتمی نے ملک میں مقامی ماڈل تیار کرنے کی قائد انقلاب اسلامی کی سفارش کا ذکر کیا اور کہا کہ ، مغربی ماڈل وہاں کے حالات ، تقاضوں اور اصولوں کی بنیاد پر تیار کیا گيا ہے اور اس کے علاوہ بہت سے مواقع پر بے حد ناکام بھی رہا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ مغبری ترقی لازمی طور پر کامیاب ماڈل نہيں ہے ۔
وزیر دفاع نے کہا کہ یہ صحیح ہے کہ مغربی ملکوں نے ترقی کی ہے ، دولت و طاقت حاصل کر لی ہے لیکن انہوں نے انسانیت کو المیہ کی کھائي میں دھکیل دیا ہے اور آج پوری انسانیت ، ان کے اقدامات کے نتائج کا خمیازہ بھگت رہی ہے ۔