Jul ۰۴, ۲۰۲۱ ۱۸:۱۳ Asia/Tehran
  • امریکی انسانی حقوق کانفرنس کا مطالبہ؛ امریکی جرائم کو دنیا کے سامنے آشکار کرنا لازمی ہے

امریکا کے مجرمانہ اقدامات سے دنیا والوں کو باخبر کرنے کے لئےامریکن ہیومن رائٹس کے نام سے منعقدہ کانفرنس کے شرکا نے انسانیت کے خلاف امریکہ کے گھناونے اقدامات اور جرائم کو دنیا کے سامنے اجاگر نے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ایران کے شہر قم میں ہونے والی سہ روزہ "امریکن ہیومن رائٹس کانفرنس" میں، اعلی دینی تعلیمی مراکز اور یونیورسٹیوں کے استاتذہ اور دانشوروں نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکا نے امریکی جرائم اور ظالمانہ اقدامات پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ، نئی اسلامی تہذیب کے قیام کی راہوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔

رہبر انقلاب اسلامی کے اشاعتی مرکز "دفتر حفظ و نشر آثار آیت اللہ العظمی خامنہ ای" کے نمائندے محسن پاک آئین نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی جرائم کو اجاگر کرنا ضروری ہے کیونکہ اس کا امریکی زوال سے براہ راست تعلق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کے موقع پر امریکی جرائم کو اجاگر کیے جانے پر رہبر انقلاب اسلامی کی تاکید محض عارضی یا پروپیگنڈا پالیسی نہیں، بلکہ ایران کے اسٹریٹیجک اہداف میں شامل ہے۔

محسن پاک آئین نے مزید کہا کہ امریکہ دنیا میں اپنی مقبولیت کھو چکا ہے اور اپنی ساکھ بحال کرنے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ اس مقصد کے لیے رائے عامہ پر اثر انداز ہونے کی بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے امریکی کردار کا پردہ دنیا کے سامنے فاش کیا جائے، تو رائے عامہ کے درمیان واشنگٹن کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہوکے رہ جائے گی۔

سرکردہ یمنی سیاستدان، سید صادق الشرفی نے بھی اس کانفرنس کو خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے امریکہ کا ریکارڈ بہت طویل ہے اور مختصر وقت میں اس کا احاطہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف یمن میں امریکی جرائم کی فہرست گنوانے میں کئی دن لگ جائیں گے۔

یمنی سیاستداں صادق الشرفی نے جنگ یمن کے دوران امریکہ کی جانب سے سعودی اتحاد کی عسکری اور لاجسٹک حمایت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی واضح مثال قرار دیا۔

امریکن ہیومن رائٹس کانفرنس کے شرکا نے واضح کیا کہ عراق اور افغانستان میں عورتوں اور بچوں کا قتل عام، القاعدہ اور داعش جیسے دہشت گرد گروہوں کے قیام اور ان کی حمایت کر کے علاقے میں بدامنی پھیلانا، ایم کے او اور اس کے دہشت گردانہ اقدامات کی حمایت، ایران کے مسافر بردار طیارے کو تباہ کرنا اور سابق عراقی ڈکٹیٹر صدام کو کیمیائی ہتھیاروں تک رسائی میں مدد فراہم کرنا، انسانیت کے خلاف امریکی جرائم کی چیدہ چیدہ مثالیں ہیں۔

ٹیگس