مغربی دنیا انسانی حقوق کا ڈھونگ کرتی ہے: ترجمان عدلیہ
ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ مغربی دنیا میں انسانی حقوق کی حمایت کے دعوے جھوٹے اور بے بنیاد ہیں۔
تہران میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے ایرانی عدلیہ کے ترجمان غلام حسین اسماعیلی کا کہنا تھا کہ ایران مغربی دنیا کی جانب سے انسانی حقوق کی حمایت کے دعوے کو کذب محض سمجھتا ہے۔ انہوں نے یورپی پارلیمنٹ کی ایران مخالف قرار داد کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یورپی ممالک ایم کے او جیسے دہشت گرد گروہ کی حمایت کر رہے ہیں جس کے ہاتھ ایران کے صدر اور وزیر اعظم سمیت ہزاروں بے گناہ شہریوں کے خون سے رنگیں ہیں۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے کہا کہ ایم کے او نے اساتذہ سے لیکر محنت کشوں تک ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے ایرانی شہریوں کا قتل کیا ہے لیکن آج یورپی ممالک میں کھلے عام جلسے کرتا ہے اور بعض یورپی حکام بھی اس دہشت گرد گروہ کے اجلاسوں میں شرکت کرتے ہیں۔
غلام حسین اسماعیلی نے استفسار کیا کہ اگر یورپ والے انسانی حقوق کے دعوؤں میں سچے ہیں تو انہوں نے ایم کے او کے دہشت گردوں کو اپنے یہاں پناہ کیوں دے رکھی ہے؟ انہوں نے کہا کہ یہ گروپ کھل ایران میں دہشت گردانہ اقدامات کا اعتراف کرچکا ہے اور آٹھ سالہ جنگ کے دوران عراق کی بعثی حکومت کے ساتھ تعاون کرتا رہا ہے۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ یورپ کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا ریکارڈ طویل ہے اور اس کی جانب سے کیے جانے والے انسانی حقوق کے دعوے ایران کی وکلا برادری کے لیے کوئی اہمیت نہیں رکھتے۔