Jul ۲۳, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۱ Asia/Tehran
  • میری ہدایات پر اگر عمل کیا گیا ہوتا تو آج خوزستان میں یہ نوبت نہ آتی: قائد انقلاب اسلامی

رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے سرکاری اور غیر سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ جنوب مغربی ایران کے صوبہ خوزستان کے عوام کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کی کوشش کریں۔

جمعے کے روز، ایرانی کورونا ویکسین کووایران برکت کی دوسری ڈوز لگوانے کے بعد، اپنے مختصر خطاب میں رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ خوزستان میں پانی کی قلت کا معاملہ پچھلے چندر روز کے دوران انتہائی پریشان کن معاملہ رہا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے خوزستان میں پانی کے انتظام اور اہواز شہر میں نکاسی آب کے بارے میں اپنی سفارشات پر عمل نہ ہونے کا شکوہ کرتے ہوئے فرمایا کہ اگر میری سفارشات پر توجہ دی گئی ہوتی تو آج صورتحال یقینا ایسی نہ ہوتی کہ اس صوبے کے وفادار عوام بھرپور قدرتی وسائل اور کارخانوں کے ہوتے ہوئے بھی، ناراضگی اور پریشانی کا اظہار کرنے پر مجبور ہوتے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے فرمایا کہ لوگوں نے اپنی پریشانی کا اظہار کردیا ہے اور ان سے کسی قسم کے گلے شکوے کی کوئی گنجائش نہیں کیونکہ پانی کا مسئلہ اور وہ بھی خوزستان کے گرم ترین موسم میں، کوئی چھوٹا مسئلہ نہیں۔

آپ نے آٹھ سالہ دفاع مقدس کے دوران اس صوبے کے عوام کے ایثار و قربانی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے فرمایا کہ ان لوگوں کو تو مشکلات میں ہونا ہی نہیں چاہیے، اور اگر عوام کے کاموں کو بروقت انجام دیا جاتا تو آج یہ صورتحال نہ ہوتی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اسی کے ساتھ ہی لوگوں کو دشمن کی سازشوں سے ہوشیار رہنے کی نصیحت کی اور فرمایا کہ دشمن، اس انقلاب اور ملک و قوم کے خلاف ہر چیز سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے بنابرایں ہمیں دھیان رکھنا ہے کہ دشمن کو کوئی بہانہ فراہم نہ ہونے دیا جائے۔

آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے کورونا کے خلاف جنگ کرنے والے وزارت صحت کے کارکنوں کی مجاہدت اور خاص طور سے ویکسین کی تیاری میں کردار ادا کرنے والے سائنسدانوں کی زحمتوں کی قدردانی کی اور ملک بھر میں کورونا پروٹوکول کی پوری طرح پابندی جاری رکھے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

ٹیگس