Jul ۲۷, ۲۰۲۱ ۱۸:۴۹ Asia/Tehran
  • ایران اور افغانستان کے وزرائے خارجہ کے درمیان صلاح و مشورہ

افغانستان کی وزارت خارجہ نے اعلان کیا ہے کہ اس ملک کے وزیر خارجہ نے افغانستان کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے خصوصی مندوب سے ملک کی موجودہ صورت حال اور بین الافغان امن مذاکرات کے عمل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

افغانستان کے وزیر خارجہ نے ایران کی وزارت خارجہ کے خصوصی نمائندے محمد ابراہیم طاہریان سے ملاقات میں افغان امن کے عمل کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے معقول ومنطقی موقف کا شکریہ ادا کیا۔ 

اس ملاقات میں افغان عوام پر طالبان کے تشدد، خودسرانہ قتل عام اور طالبان کے زیرکنٹرول مختلف علاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی اور عام شہریوں پر تشدد کے خاتمے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں حنیف اتمر نے زور دے کر کہا کہ طالبان انتہاپسندی کے پروان چڑھنے اور افغانستان نیز علاقے میں داعش جیسے بین الاقوامی دہشتگرد گروہوں کی سرگرمیاں بڑھنے کے اسباب فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں  نے مزید کہا کہ کابل تہران کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور تجارتی تعاون جاری رہنا دونوں ملکوں کے لئے نہایت ضروری ہے۔ افغان وزیر خارجہ نے ایران اور افغانستان کے درمیان مختلف میدانوں بالخصوص افغان امن عمل میں زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی۔

اس ملاقات میں افغانستان کے امور میں ایران کی وزارت خارجہ کے نمائندے محمد ابراہیم طاہریان نے ایک بار پھر بین الافغان مذاکرات کے عمل کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے افغانستان کے ساتھ ایران کے سرحدی امور سمیت مختلف میدانوں میں تعاون بڑھانے کی آمادگی ظاہر کی ۔

ٹیگس