Jul ۳۱, ۲۰۲۱ ۱۱:۲۹ Asia/Tehran
  • شیخ زکزکی کی رہائی پر اہلبیت (ع) ورلڈ اسمبلی کی مبارکباد

اہل بیت ورلڈ اسمبلی نے ایک پیغام ارسال کر کے نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ اور ممتاز عالم دین آیت اللہ ابراہیم زکزکی کو جیل سے انکی رہائی پر مبارکباد پیش کی ہے۔

ارنا نیوز کے مطابق اہلبیت (ع) ورلڈ اسمبلی کے سیکریٹری جنرل رضا رمضانی نے اپنے ارسال کردہ پیغام میں کہا ہے کہ شیخ ابراہیم زکزکی اور انکی اہلیہ کی پانچ سال کے بعد جیل سے رہائی نے تمام حریت پسند مسلمانوں کے لئے عید غدیر کی خوشی کو دوبالا کر دیا۔

انہوں نے نائیجیریا کی تحریک اسلامی کے سربراہ شیخ زکزکی کو صلح و آشتی اور قانون پسندی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا وہ تمام ادیان کے پیروکاروں کے لئے پر امن بقائے باہمی کے پیغامبر اور ہمیشہ انسانی حقوق و آزادی کے پاسباں رہے ہیں۔

نائیجیریا میں کادونا کی صوبائی عدالت نے آیت اللہ ابراہیم زکزکی اور انکی اہلیہ کو ان پر عائد تمام تر الزامات سے بری کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ شیخ ابراہیم زکزکی اور انکی اہلیہ تیرہ دسمبر دوہزار پندرہ کو زاریا شہر میں ایک خونیں حملے کے بعد گرفتار کر لئے گئے تھے اور تب سے بے بنیاد الزامات کے تحت انہیں زخمی حالت میں جیل میں رکھا گیا تھا۔

سکیورٹی فورسز کے اس وحشیانہ حملے میں قریب ایک ہزار افراد شہید ہو گئے تھے جن میں شیخ زکزکی کے تین بیٹے بھی شامل تھے۔ شیخ ابراہیم زکزکی کے وکیل نے حال ہی میں یہ انکشاف کیا تھاکہ سعودی عرب نے تحریک اسلامی کے سربراہ کے قتل کے مقصد سے نائیجیریا کے حکام کو دسیوں لاکھ ڈالر کی رقم ادا کی ہے۔

ٹیگس