ایران، منگل کو نو منتخب صدر کی تقریب حلف برداری
ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے ترجمان نے کہا ہے کہ ملک کے تیرہویں صدر کی حلف برداری کی تقریب ایران کی پارلیمنٹ میں منعقد ہوگی جبکہ نئے صدر کی تقرری کا حکم منگل کو ان کے حوالے کیا جائے گا۔ اس تقریب میں دنیا کے تہتر ملکوں کے سربراہوں، اعلی حکام اور عہدیدار شریک ہوں گے۔
ایران کے نو منتخب صدر سید ابراہیم رئیسی کی تقرری اور توثیق کی تقریب تین اگست منگل کو منعقد ہوگی جس میں رہبر انقلاب اسلامی نو منتخب صدر کو تقرری نامہ حوالے کریں گے۔
اس موقع پر ایران کی اہم شخصیات موجود ہوں گی جبکہ ایران کے نئے صدر پانچ اگست جمعرات کو پارلیمنٹ کے ہال میں اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ پارلیمنٹ کی پریزائڈنگ کمیٹی کے ترجمان سید نظام الدین موسوی نے اس سلسلے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس قومی اور پرشکوہ تقریب میں کورونا پروٹوکل کے ضوابط کے ساتھ ملکی و غیر ملکی مہمانوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب تک دس ملکوں کے سربراہان مملکت اور بیس ملکوں کے پارلیمانی اسپیکر اپنی شرکت کا اعلان کر چکے ہیں۔ علاوہ ازیں گیارہ ملکوں کے وزرائے خارجہ اور دس ملکوں کے مختلف سطح کے وزرا اور باقی ملکوں کے خصوصی نمائندے اور مندوبین تقریب حلف برداری میں شریک ہوں گے۔