سجاد گنج زادہ کو سونے کا تمغہ
ٹوکیو اولمپک، مردوں کے پچھترکلو وزن کے کراٹے کے مقابلے میں ایران کے سجاد گنج زادہ نے سونے کا تمغہ حاصل کرلیا۔
ٹوکیو اولمپک دو ہزار بیس میں پچھتر کلو وزن کے کراٹے کے فائنل میں ایران کے سجاد گنج زادہ کا مقابلہ سعودی عرب کے طارق حمدی سے ہوا۔ سعودی عرب کے کراٹے کے کھلاڑی طارق حمدی نے کھیل کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے، ایرانی کھلاڑی سجاد گنج زادہ پر غلط وار لگایا جس کے بعد سجاد گنج زادہ کو اسٹریچر پر اٹھاکے لے جایا گیا اور اس مقابلے میں انہیں فاتح قرار دے دیا گیا۔
اس سے پہلے سجاد گنج زادہ نے پچھتر کلو وزن کے گروپ بی کے پہلے مقابلے میں ، کروشیا کے ایوان کوسیچ کو تین ایک سے، شکست دی ۔ اس کے بعد سعودی عرب کے طارق حمدی سے ان کا مقابلہ مساوی رہا۔ تیسرے مقابلے میں سجاد گنج زادہ نے امریکہ کے برایان ایئر کو چھے زیرو سے شکست دی ۔ آخری گروپ مقابلے میں سجاد گنج زادہ، کینیڈا کے ڈینیل گیسنسکی کو دو ایک سے شکست دے کر سیمی فائنل میں پہنچ گئے۔
سجاد گنج زادہ سیمی فائنل میں ترکی کے ایگو آکتاش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچے جس میں ان کا مقابلہ سعودی عرب کے طارق حمدی سے ہوا جس میں انہیں فاتح اور سونے کے تمغے کا حقدار قرار دیا گیا۔ ٹوکیو اولمپک دو ہزار بیس میں ایران نے تین سونے کے، دو چاندی کے اور دو کانسی کے تمغے حاصل کئے ۔