حماقت کی تو اسرائیل کو ملیا میٹ کردیں گے، چیف کمانڈر سپاہ پاسداران کا سخت ترین انتباہ
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ذرہ برابر غلطی کی کوشش بھی کی تو اسے نابود کردیا جائے گا۔
صحافیوں کے قومی دن کے موقع پر ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر جنرل حسین سلامی کا کہنا تھا کہ دشمن کے ابلاغیاتی ادارے شکوک و شبہات پیدا کرکے معاشرے میں اضطراب پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
جنرل حسین سلامی نے ایران کے خلاف اسرائیلی حکام کے حالیہ بیانات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے بیانات پر شاید بعض لوگ فکر مند ہوں۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہم اسرائیل کی جانب سے صرف ایک غلطی کے منتظر ہیں تاکہ اسے ملیا میٹ کرسکیں۔
سپاہ پاسدران انقلاب اسلامی کے چیف کمانڈر نے ایک ہفتے میں دوسری بار صیہونی حکومت کو کسی بھی اقدام کی بابت خبردار کیا ہے۔
اس سے پہلے حزب اللہ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے ساتھ ملاقات میں انہوں نے کہا تھاکہ اگر صیہونیوں نے ایک حماقت کی تو مستقبل کی جنگ میں ان کے کشتوں کے پشتے لگ جائیں گے۔
ان کا کہنا تھاکہ صیہونی حکومت کے زوال کے لیے حالات پوری طرح سازگار ہیں اور صرف ان کی جانب سے ایک حماقت کی دیر ہے۔