ایران کی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہیں: جاپان
جاپان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ایرانی کی نئی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے وہ مکمل آمادگی رکھتے ہیں۔
جاپان کے وزیر خارجہ توشی میتسو موتگی نے جو 15 اگست سے خطے کا دورہ کرنے والے ہیں اپنے ایک بیان میں آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی حکومت کے ساتھ تعاون کے لئے ٹوکیو کی آمادگی ظاہر کی ہے۔
جاپان کے وزیر خارجہ تہران کے علاوہ قاہرہ، تل ابیب، امان، دوحہ اور انقرہ جائيں گے۔
جاپان کی سرکاری نیوز ایجنسی کیوڈو کی رپورٹ کے مطابق توشی میتسو موتگی نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے اس دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور ایران میں آيت اللہ سید ابراہیم رئیسی کی صدارت میں نئی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے اس دورے میں مغربی ایشیا کے تعلق سے جاپان کے موقف کا ایک بار پھر اعادہ کریں گے۔
توشی میتسو موتگی نے ایران اور مقبوضہ فلسطین میں نئی حکومت کی تشکیل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ میں اس خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنا چاہتا ہوں اور میری کوشش ہوگی کہ خطے کے استحکام کے لئے ان کے ساتھ قریبی تعاون کروں۔