صدر مملکت کی ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر تاکید
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لانے پر زور دیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی نے جمعے کو انسداد کورونا کی قومی کمیٹی کے اجلاس میں چینی صدر سے اپنی ٹیلی فونی گفتگو کی جانب اشارہ کیا اور کہا کہ اس گفتگو میں ایران کے آرڈر کردہ ویکسین کی فراہمی میں تیزی لانے پرزوردیا گیا اور چینی صدر نے بھی وعدہ کیا کہ چین میں ویکسین تیارکرنے والی کمپنیاں ایران کے ساتھ لازمی تعاون کریں گی۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے حالیہ چھٹیوں میں ایس او پیز اور طبی ہدایات کی پابندی کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے عوام کی جانب سے کورونا پروٹوکول کی پابندی کرنے پر عوام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہمیں امید ہے کہ عوام کی جانب سے طبی ہدایات کی پابندی بڑھا کر کورونا کے پھیلاؤ پر جلد سے جلد قابو پائیں گے۔
ایران کی وزارت صحت نے جمعے کے روز اپنی رپورٹ میں اعلان کیا ہے کہ اب تک ایک کروڑ تریسٹھ لاکھ اٹھہتر ہزار تین سو اکتیس افراد کو کورونا ویکسین کی پہلی ڈوز دی جا چکی ہے جبکہ چوّن لاکھ ستائیس ہزار پانچ سو اڑتالیس افراد پہلی اور دوسری دونوں ڈوز لے چکے ہیں۔
ایران میں مجموعی طور پر دو کروڑ اٹھارہ لاکھ پانچ ہزار سات سو اناسی افراد کو کورونا ویکسین لگائی جا چکی ہے۔