افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل سے متعلق ایران کی کوشش جاری ہے، وزیرخارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل سے متعلق ایران کی کوشش جاری ہے۔
وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے افغانستان کے چھے پڑوسی ملکوں کے ورچوئل اجلاس میں کہا ہے کہ افغانستان میں وسیع البنیاد حکومت کی تشکیل سے متعلق ایران کی کوشش جاری ہے اور امید کی جاتی ہے کہ طالبان بھی اس سلسلے میں اپنے وعدے پر عمل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ تجربے سے یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ اس کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ اختیار کئے جانے کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے افغانستان کی موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکہ کو قرار دیا اور کہا کہ امریکہ کو افغانستان میں اپنی بیس سالہ موجودگی کے نتیجے میں اس ملک میں ہونے والی تباہی و بربادی کا جواب دینا ہو گا۔انھوں نے کہا کہ افغانستان میں جنگ کے بجائے مذاکرات کا راستہ اپنانا ہوگا اور جنگ سے افغان عوام بالکل تنگ آچکے ہیں۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ایران تقریبا چالیس لاکھ افغان شہریوں کا میزبان بنا ہوا ہے اور سخت ترین و ظالمانہ پابندیوں کے باوجود تہران نے ان چالیس لاکھ افغان شہریوں کے ویکسینیشن کے عمل کو اولویت میں رکھا ہے اور یہ کہ ایران، افغان عوام کی کسی بھی حمایت سے دریغ نہیں کرے گا۔