رافائل گروسی کا تہران دورہ آئی اے ای اے اور ایران کے درمیان تکنیکی روابط کے پس منظر میں ہے: ایران
جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل رافائل گروسی ایسے حالات میں ایران کے دورے پر ہیں کہ انکے حوالے سے ایسے دعوے میڈیا میں گشت کر رہے ہیں جن میں ایران کی ایٹمی تنصیبات کا معائنہ کرنے والے سازوسامان تک دسترسی کے موضوع پر ایران اور ایجنسی کے درمیان اتفاق کی بات کہی گئی ہے۔
ارنا کے مطابق،جوہری توانائی کی عالمی ایجنسی آئی اے ای اے کے سربراہ گروسی ایک وفد کے ہمراہ ہفتے کی رات کو تہران آئے ہیں جو ایران کی ایٹمی توانائی کی قومی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی سے ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقات آج دوپہر سے پہلے ہوگی جسکے بعد آئی اے ای اے وفد ویانا لوٹ جائے گا۔
رافائل گروسی ایسی حالت میں ایران کے دورے پر ہیں کہ ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا موسمی اجلاس پیر کے روز شروع ہوگا۔
وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آئی اے ای اے کے ڈائرکٹر جنرل رافائل گروسی کے تہران دورے کے بارے میں کہا: کچھ مہینے پہلے ایران اور ایجنسی کے درمیان تکنیکی پہلوؤں کے حامل کچھ معاملے سامنے آئے تھے جنہیں باہمی تعاون کے تحت حل کرنے کی کوشش ہوئی۔ یہ سفر بھی طرفین کے درمیان موجود مسائل کو حل کرنے کے لئے انجام پایا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ایران نے تکنیکی و پیشہ ورانہ بنیاد پر تعاون کے راستے کو اپنایا ہے اور ایجنسی کو بھی ہم اسی راستے کی تلقین کرتے ہیں۔
سعید خطیب زادہ نے کہا کہ کچھ ملکوں نے ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تکنیکی مسائل کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ سفر بھی اسی بنیاد کے تحت اچھے نتائج کا حامل ہوگا۔
سعید خطیب زادہ نے پیر کے روز آئی اے ای اے کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس کے بارے میں امید ظاہر کی کہ یہ اجلاس کچھ ملکوں کے دباو میں ایسا کوئی اقدام نہیں کرے گا جس سے ایران اور ایجنسی کے درمیان تعاون متاثر ہو۔ انہوں یاد دلایا کہ آئی اے ای اے کی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا تقاضا ہے کہ وہ اپنی سرگرمیوں کو سیاسی نہ ہونے دے۔