Sep ۱۳, ۲۰۲۱ ۱۵:۵۳ Asia/Tehran
  • شہید سائنسداں ڈاکٹر فخری زادہ کی محنت رنگ لائی، فخرا ویکسین کا ٹرائل تیسرے مرحلے میں داخل

ایران کے وزیر دفاع نے وزارت دفاع نے کہا ہے ماہرین کی تیار کردہ کورونا ویکسین فخرا کی پیداوار عنقریب پچاس لاکھ ڈوز ماہانہ تک پہنچ جائے گی۔جبکہ ایران کے وزیر صحت نے فخرا ویکسین کو اعلی میعار کی موثر کورونا ویکسین قرار دیا ہے

فخرا ویکسین کے کلینیکل ٹرائل کے تیسرے کے مرحلے کے آغاز اور ہنگامی استعمال کی اجازت صادر کیے جانے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے وزیر دفاع جنرل محمد رضا قرائی آشتیانی کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے مقابلے کے لیے تحقیقاتی کام دو سال پہلے خود شہید فخری زاده اور ان کے ساتھیوں نے شروع کردیا تھا اور آج ہم ان کے نام پر بننے والی ویکسین کی پیداوار اور ہنگامی استعمال کے مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔

انہوں نے وزارت صحت کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی مسلح افواج اور وزارت دفاع نے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کے تحت ہر قسم کے خطرات اور خاص طور  پر صحت اور با‏ئیولوجیکل دفاع کے حوالے سے اہم اقدامات انجام دیئے ہیں۔  

انہوں نے کہا کہ آج ہم فخرا ویکسین بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

جنرل آشتیانی نے کہا کہ موسم خزاں کے اختتام تک فخرا ویکسین کی پیداوار پچاس لاکھ ڈوز ماہانہ تک پہنچ جائے گی اور رواں ایرانی سال کے آخر تک ہم دو کروڑ ڈوز وزارت صحت کے حوالے کردیں گے۔

 ایران کے وزیر صحت ڈاکٹر عین اللہی  نے اس موقع پر کہا کہ فخرا ویکسین کورونا کی اعلی معیار کی موثر ترین ویکسین ہے۔

ڈاکٹر عین اللہی نے کہا کہ عوام کی صحت اور سلامتی کو  یقینی بنانے کے لیے ویکسین انتہائی اہمیت رکھتی ہے اور دنیا بھر میں ہونے والی تحقیقات سے ثابت ہوگیا ہے کہ وائرسوں کا  موثر مقابلہ صرف ویکسین کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔

ایران کے وزیر صحت نے کہا کہ موجودہ دور میں ہمیں قوم کو جلد از جلد ویکسین لگانے کی ضرورت ہے لہذا ہم باہر سے بھی بڑی مقدار میں ویکسین مگانے پر مجبور ہیں۔

 ڈاکٹر عین اللہی نے کہا کہ بیرون ملک سے ویکسین کی درآمدات مستحکم ہے، اندرون ملک ویکسین لگانے کا عمل بھی تیز ہوگیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ ہماری ویکسینیشن مہم رواں ایرانی سال کے اختتام سے پہلے پہلے مکمل ہوجائے گی۔

ایران کے وزیر صحت نے واضح کیا کہ بیرون ملک سے ویکسین کی درآمدات کے ساتھ ساتھ، بیک وقت پانچ ملکی ادارے جن میں، پاسچر انسٹی ٹیوٹ، رازی، سیناژن، برکت اور فخرا ویکسین پروڈکشن یونٹ شامل ہیں، ویکسین کی تیاری اور پیداوار میں مصروف ہیں اور  ہمیں اس بات کا یقین ہے کہ ہم  مسقبل قریب  میں ملکی ویکسین کی ماس پروڈکشن کا ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔

 

ٹیگس