Sep ۱۴, ۲۰۲۱ ۰۰:۴۷ Asia/Tehran
  • ایران ، مختلف ملکوں کی انسان دوستانہ امداد افغانستان بھیجنے پر تیار ، وزیر خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے کہا ہے کہ ایران ، افغانستان کے لئے مختلف ملکوں کی انسان دوستانہ امداد کو پہنچانے میں تعاون پر تیار ہے ۔

 

          وزیر خارجہ امیر عبداللھیان نے اسی طرح افغانستان کی فوری مدد اور اس ملک میں جامع حکومت کی تشکیل پر زور دیا ۔

          وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللھیان نے دوشنبے کی شام ، افغانستان میں انسانی صورت حال پر غور کے لئے منعقدہ اقوام متحدہ کے مجازی اجلاس میں ایک تقریر کی ۔

          ایرانی وزیر خارجہ نے  اپنی تقریر کے ایک حصے  میں کہا کہ ہم سب کو افغانستان میں نئے حالات اور نئے چیلنجوں کا سامنا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ افغانستان کے موجودہ حالات ، بد امنی اور ہنگامہ کی بڑی وجہ ،  اس ملک میں امریکہ کی نا تجربہ کاری پر مبنی پالیسیاں اور غلطیاں ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے افغانستان پر قبضے کے دوران اور اس ملک سے نکلنے کے بعد بھی انسانی المیہ پیدا کیا ہے اور آج افغانستان کے عوام ، خواتین اور بچوں کو گزشتہ برسوں اور گزشتہ ہفتوں کے دوران بے حد سخت حالات کا سامنا ہے اس لئے عالمی برادری کا یہ فرض ہے کہ وہ جتنی جلدی ممکن ہو افغانستان کے لئے امداد بھیجے ۔

          وزير خارجہ امیر عبد اللھیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ، تمام ملکوں کی امداد کو افغانستان بھیجنے میں تعاون کے لئے تیار ہے اور ایران نے پناہ گزینوں کی نئي لہر کو روکنے کے لئے  اپنی تمام سرحدی چیک پوسٹوں کو کھول رکھا ہے تاکہ وہاں سے افغانستان کے لئے انسان دوستانہ امداد کی ترسیل میں مدد کی جا سکے اور اسی طرح سرحدی بازار بھی کھلے رہیں تاکہ تجارت کا سلسلہ رکنے نہ پائے ۔

 اسلامی جمہوریہ ایران کے وزير خارجہ نے کہا کہ ہم افغانستان کے سلسلے میں ایسی پالیسی پر عمل پیرا ہیں جس کی وجہ سے اس ملک میں جامع حکومت کی تشکیل کے ساتھ ہی ساتھ افغانستان دہشت گردی اور منشیات سے دور ہو جائے اور اس ملک کے عوام خود اپنے مستقبل کا تعین کریں ۔

          واضح رہے اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے بھی دوشنبہ کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران شاید ان معدود ملکوں میں شامل ہے جن کا افغانستان کے اس وقت کے تمام فریقوں سے رابطہ ہے ۔

ہمارا فیس بک پیج لائک کریں 

ہمیں انسٹاگرام پر فالو کریں 

ہمیں ٹویٹر پر فالو کريں

 

ٹیگس