Sep ۲۲, ۲۰۲۱ ۱۸:۲۵ Asia/Tehran
  • لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل پر ایران کی مبارک باد

ایران کے وزیر خارجہ نے لبنان کے وزیر خارجہ کے نام اپنے ایک پیغام میں لبنان میں نئی حکومت کی تشکیل پر مبارک باد پیش کی ہے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اپنے پیغام میں لبنان میں نئی حکومت کے قیام کو ملکی مسائل و مشکلات سے نمٹنے کے لئے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل و مشکلات کا خاتمہ لبنانی حکومت اور قوم کی ایک بڑی آرزو ہے۔انھوں نے کہا کہ لبنان کو امن و استحکام کی ضرورت ہے اور یہ مقصد، اتحاد و یکجہتی اور اغیار کی مداخلت سے اجتناب کی صورت میں حاصل ہو سکتا ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ نے تاکید کی کہ لبنانی عوام نے، جنھوں نے دہشت گردی، غاصبانہ قبضے اور تکفیریوں نیز غاصب صیہونیوں کے مقابلے میں اپنے ملک کی فوج اور تحریک استقامت کا ساتھ دے کر اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، اپنے ملک کے مسائل خود حل کرنے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے اور اس رو سے لبنانی عوام کی بدولت، یہ ملک ترقی و پیشرفت کا راستہ بخوبی طے کر سکتا ہے۔

حسین امیر عبداللہیان نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ہمیشہ لبنان کی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور وہ ماضی کی مانند ہمہ جہتی تعلقات کو زیادہ سے زیادہ فروغ دینے کے لئے آمادہ ہے۔

ٹیگس