صیہونی حکومت، مغربی ایشیا کو ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے میں حائل ہے: ایران
اسلامی جمہوریہ ایران نے علاقائی و عالمی سطح پر ایٹمی ہتھیاروں کی ذخیرہ اندوزی، انکی توسیع اور استعمال کی سخت مخالفت کا ایک بار پھر اعلان کیا ہے۔
ایٹمی ہتھیاروں کے مکمل انہدام کے عالمی دن کے موقع پر نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں رکن ممالک کے سربراہوں، وزرائے خارجہ اور اعلی حکام کی شرکت سے ایک اجلاس منعقد ہوا۔
اس اجلاس میں ایران کے مندوب رضا نجفی نے بعض ممالک کی جانب سے ایٹمی ترک اسلحہ کے لئے مذاکرات کو مسترد کئے جانے کو اس معاہدے کی چھٹی شق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ ایٹمی ترک اسلحہ کے بارے میں عالمی مذاکرات کو تعطل کا شکار بنانے کا ذمہ دار امریکہ ہے۔
انھوں نے کہا کہ ہم امریکہ اور تمام ایٹمی طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ عالمی معاہدوں کا احترام کریں اور جلد سے جلد اس معاہدے کو عملی جامہ پہنائیں۔
رضا نجفی نے کہا کہ ایران، مغربی ایشیا کے سلسلے میں انیس سو پچانوے میں ہونے والی نظرثانی کانفرنس میں منظور ہونے والی قرارداد پر عمل درآمد کی اہمیت پر زور دیتا ہے اور صیہونی حکومت کے ایٹمی ہتھیاروں کو علاقے، مغربی ایشیا اور دنیا کے دیگرعلاقوں کے لئے ایک خطرہ سمجھتا ہے۔