Dec ۲۰, ۲۰۲۱ ۱۷:۳۲ Asia/Tehran
  • ایران اور آئی اے ای اے کے تعلقات تکنیکی ہیں: ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ تہران اور ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے تعلقات اس وقت تک خوشگوار اور تکنیکی رہیں گے جب تک اس کو سیاسی رنگ نہیں دیا جائے گا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے ہفتے وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کرج کی ایٹمی سائٹ میں جلد ہی آئی اے ای اے کے کیمرے نصب ہونے کے حوالے سے بہروز کمالوندی کے تازہ ترین بیان کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیا۔

ترجمان وزارت خارجہ سعید خطیب زادہ نے کرج کی ایٹمی سائٹ میں تخریبی کارروائی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کو بتادیا ہے کہ اس موضوع کا عدالتی اور سیکورٹی معیارات کی بنیاد پر جائزہ لیا جاناچاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کرج سائٹ میں تخریبی کارروائی کی کیفیت واضح ہونا چاہئے اور قصوروار کی بھی شناخت ہونا چاہئے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سیکورٹی جائزے کے بعد ہی ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے کیمرے نصب کئے جائیں گے۔ انھوں نے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی کے دورہ تہران کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اس دورے میں اس موضوع پر اتفاق ہوا ہے لیکن کچھ مسائل کی بنا پر اسے بیان نہیں کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے  کہا کہ ایران نے حالات فراہم ہونے کے بعد، کرج سائٹ میں ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے کیمرے سیٹ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک ایران اور ایٹمی انرجی کی عالمی ایجنسی کے تعلقات طے شدہ دائرے میں ہوں گے اس وقت تک کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوگا اور سب کچھ ٹھیک رہےگا۔

ٹیگس