گروسی کا تہران دورہ، آئی اے ای اے غیر جانبدارانہ رویہ اپنائے: ایران
آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل کے تہران دورے پر ایران نے ایجنسی سے غیر جانبدارانہ رویہ اپنانے کا مطالبہ کیا۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے اپنے دورہ تہران کے اختتام پر کہا کہ اس دورے میں اچھے مذاکرات ہوئے اور ہم اپنی ذمہ داریوں پر عمل کر رہے ہیں اور جوہری معاہدے کی مکمل واپسی کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس سے قبل نائب ایرانی صدر و ایران کی جوہری توانائی کی ایجنسی کے سربراہ محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی سے ہونے والی ملاقات میں ایٹمی پروگرام کی پُرامن ترقی کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران اور آئی اے ای اے کے درمیان تعاون کے فروغ کو ضروری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تہران، ایٹمی توانائی کے پُرامن استعمال کے لئے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ساتھ مستقبل میں تعاون کی توسیع کا خیرمقدم کرتا ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی پروگرام سمیت ایٹمی توانائی کے حوالے سے ممالک کی سرگرمیوں کے میدان میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے غیر جانبدارانہ رویہ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری توقع کرتی ہے کہ آئی اے ای اے اس کی پیروی کرے گی۔
سنئیرنائب ایرانی صدر نے، بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے قیام کے اصل مقصد، جوہری توانائی کی ترقی میں مدد فراہم کرنا بتاتے ہوئے کہا کہ تہران، پرامن جوہری سائنس کو فروغ دینے کے لیے جوہری سائنس کے پرامن استعمال کے لیے بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کے ساتھ مستقبل میں تعاون کی توسیع کا خیرمقدم کرتا ہے۔
نائب ایرانی صدر نے ایٹمی ہتھیاروں سمیت بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کی تیاری اور استعمال پر پابندی کے سپریم لیڈر کے فتوی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے کی کوشش نہیں کی اور حالیہ برسوں میں بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی بھی ایسا کوئی ثبوت نہیں پیش کر سکی جو ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام میں کسی انحراف کی طرف اشارہ کرے۔
در این اثنا بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل رافائل گروسی نے بھی تہران کے دورے اور اسلامی جمہوریہ ایران اور بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے درمیان معاہدوں اور تعمیری مذاکرات کو حتمی شکل دینے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سمیت دنیا کے تمام ممالک کو جوہری سائنس کو صحت، صنعتی اور توانائی کے مقاصد کے لیے استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی کے درمیان تعاون ایران اور دنیا کے عوام کے مفاد میں ہے۔