نوروز کی چھٹیوں میں کورونا پروٹوکول سے غافل نہ ہوا جائے: رئیسی
صدر جمہوریہ سید ابراہیم رئیسی نے کورونا وایرس کو معمولی وایرس نہ سمجھنے کی اپیل کرتے ہوئے نئے ایرانی سال نوروز کے موقع پر مسافرت میں کورونا کے پروٹوکال پر عمل کرنے پر تاکید کی۔
صدر ایران نے ہفتے کے روز ایرانی سال سنہ 1400 ہجری شمسی میں کابینہ کے آخری اجلاس میں کہا کہ ماہرین کے مشورہ سے تیار شدہ حکومتی پالیسی اور عوام کی طرف سے تعاون کی وجہ سے کورونا کیسز میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم عوام، ماہرین اور میڈیکل اسٹاف کا کورونا سے نمٹنے میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں اور ضرورت اس بات کی ہے کہ نوروز کی چھٹیوں میں بھی ہیلتھ پروٹوکال پر پوری طرح عمل ہو۔
سید ابراہیم رئیسی نے معاشرہ میں کورونا کو معمولی وایرس کے طور پر نہ دیکھے جانے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اگر حفظان صحت کے اصولوں پر عمل میں کوتاہی ہوئی تو ممکن ہے یہ منحوس وایرس پھر سے سر اٹھا لے۔