ایرانی شہری حمید نوری کی گرفتاری اور ٹرائل غیر قانونی ہے : ایرانی وزیر خارجہ
ایران کے وزیر خارجہ نے ایرانی شہری کی گرفتاری اور ٹرائل کو غیر قانونی قراردیا ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے سویڈن کی وزیر خارجہ آین لینڈا کے ساتھ ٹیلیفون پر ہونے والی گفتگو میں ایرانی شہری حمید نوری کی گرفتاری اور ان کے ٹرائل کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حسین امیر عبداللہیان نے سویڈن میں ایران مخالف دہشت گرد گروہ کی سرگرمیوں پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں دہشت گرد گروہ ایران کے علاوہ عراق میں بھی سنگین جرائم میں ملوث رہا ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے سویڈن کی وزیر خارجہ کے ساتھ اس ٹیلی فونی گفتگو میں دو طرفہ تعلقات اور عالمی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے تہران میں سویڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے ایرانی شہری حمید نوری کی گرفتاری پر شدید احتجاج کیا گیا تھا۔