ایران و افغانستان کے درمیان سرحدی سیکورٹی تعاون کے فروغ پر تاکید
ایران کی پولیس فورس کے نائب سربراہ نے افغانستان میں طالبان کے ایک اعلی سیکورٹی عہدیدار سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مفاہمت اور سرحدی سیکورٹی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
فارس خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے محکمہ پولیس کے نائب سربراہ قاسم رضائی نے صوبے خراسان رضوی کے علاقے تایباد میں افغانستان میں طالبان انتظامیہ کے ایک اعلی سیکورٹی عہدیدار مولوی شبیر احمد اور ان کے ہمراہ وفد سے ہونے والی ملاقات میں کہا ہے کہ داعش دہشت گرد گروہ دونوں ملکوں کی قوموں کا مشترکہ دشمن ہے اور اس دہشت گرد گروہ کے خلاف جدوجہد اور اسے نابود کرنا ایران و افغانستان دونوں ملکوں کا مشترکہ ہدف ہے۔
انہوں نے استکبار کے خلاف جدوجہد کو دونوں ملکوں کی قوموں کی مشترکہ راہ قرار دیا اور کہا کہ ایران اور افغانستان کی جانب سے متحدہ طور پر ایسی کوششیں بروئے کار لائے جانے کی ضرورت ہے کہ سرحدوں اور سرحدی علاقوں میں نہ صرف کوئی واقعہ پیش نہ آئے بلکہ دشمن کسی بھی قسم کے واقعے سے کوئی غلط فائدہ بھی نہ اٹھا سکے۔
قاسم رضائی نے کہا کہ دونوں ملکوں کی ملنے والی سرحدیں بھلے ہی خاکی ہوں مگر ہمارے دین و ثقافت میں کوئی سرحد حائل نہیں ہے اور ایران کی حکومت اور عوام ہمیشہ اپنے دوست ملک افغانستان اور افغان عوام کی حمایت کرتے رہے ہیں۔