ایران نے نئی سینٹری فیوج مشینیں نصب کرنے کا اعلان کردیا
ایران نے سیکڑوں جدید ترین اور ترقی یافتہ سینٹری فیوج مشینوں کی تنصیب اور چلانے کا اعلان کردیا ہے۔
اپنےایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان بہروز کمالوندی کا کہنا تھا کہ ، آئی سیکس اور آئی آر ون قسم کی جدید ترین اور ترقی یافتہ سینٹری فیوج مشنینوں سے کام لینے کا حکم پیر کی شام جاری کردیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد پارلیمنٹ کے پاس کردہ بل کے مطابق، یورینیم کی سطح کو ایک سو نوے سیپرینٹنگ یونٹ تک پہنچا نا ہے جو ملکی ضرورت کی کم ترین سطح ہے۔
ایران کے محکمہ ایٹمی توانائی کے ترجمان نے بتایا کہ ، نئی سینٹری فیوج مشینوں کی تنصیب اور استعمال کی اطلاع ، ایٹمی توانائی کی عالمی ایجنسی ، آئی اے ای اے کو دے دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امریکہ نے مئی دوہزار اٹھارہ میں ایران کے ساتھ ہونے والے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے تہران کے خلاف تمام پابندیاں دوبارہ عائد کرنے کے ساتھ نئی پابندی لگانے کا اعلان کردیا تھا۔
ایک سال تک ایٹمی معاہدے پر یکطرفہ عملدرآمد کے بعد ایران نے مئی دوہزار انیس میں ایٹمی معاہدے سے مرحلہ وار پسپائی کا اعلان کیا تھا۔ اور یکم دسمبر دوہزار بیس کو ایرانی پارلیمنٹ نے پابندیوں کے خاتمے اور قومی مفادات کے دفاع کا بل پاس کرکے حکومت کو ایٹمی توسیع اور ترقی کا عمل دوبارہ شروع کرنے کا پابند بنادیا تھا۔