Aug ۰۴, ۲۰۲۲ ۱۷:۳۵ Asia/Tehran
  • ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات کے خاتمے سے ہی آئی اے ای اے کے کیمرے چل سکیں گے

ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ نے واضح کردیا ہے کہ آئی اے ای اے کے کیمروں کو آن کرنے کی اس وقت اجازت دی جائے گی جب ایران کے ایٹمی پروگرام پر عائد تمام الزامات واپس لے لئے جائیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی توانائی کے قومی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نے ایک انٹرویو کے دوران کہا ہے کہ جو کیمرے ہٹائے گئے، وہ ایٹمی معاہدے کے تحت اور اضافی پروٹوکول کے تحت نصب کئے گئے تھے۔ ان کیمروں کے ذریعے، ایران کی ایٹمی سرگرمیوں پر نظر رکھی جاتی تھی۔

محمد اسلامی نے امریکا کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ ایٹمی معاہدے میں رہا ہی نہیں اور ذمہ داریاں چھوڑ کر اس سے نکل گیا تو اس یکطرفہ اور تعطل کے شکار معاہدے پر ایران کیوں عمل کرتا رہے؟

انہوں نے زور دیکر کہا کہ جب تک فریق مقابلے ایٹمی معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کرتا اور ایران کے خلاف غلط دعووں اور بے بنیاد الزامات کو واپس نہیں لیا جاتا اس وقت تک نہ کوئی نیا کیمرہ نصب ہوگا نہ ہی موجودہ کیمروں کو ان کرنے کی اجازت ہوگی۔

محمد اسلامی نے ویانا مذاکرات کے نئے دور سے متعلق کہا کہ اگر فریق مقابل نیک نیتی اور مضبوط ارادے کا مظاہرہ کرے ، تو معاہدہ ہو سکتا ہے۔

ٹیگس