ویانا میں ایران کے چیف ایٹمی مذاکرات کار کی سرگرمیاں
ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار علی باقری کنی نے ویانا میں ملاقاتیں شروع کردی ہیں ۔
ویانا پہنچنے کے فورا بعد ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار علی باقری کنی نے روس کے مستقل مندوب میخائل اولیانوف سے ملاقات کی ۔ یہ گفتگو ایران کے نمائندہ دفتر میں انجام پائی جس کے بعد اولیانوف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں اس ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ گفتگو موثر اور حقیقت پسندی پر مبنی رہی۔ روسی مندوب نے کہا کہ مذاکرات اپنے آخری مرحلے میں پہنچ چکے ہیں اور اسے نتیجہ خیز بنانے میں ہر ممکنہ کوشش کرنی چاہئے۔
انہوں نے مغرب کی جانب سے مسلسل ڈیڈلائن دیئے جانے پر بھی نکتہ چینی کی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ علی باقری کنی نے ایٹمی مذاکرات میں یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر انریکے مورا سے بھی ملاقات اور گفتگو کی ۔
قابل ذکر ہے کہ ویانا پہنچنے پرعلی باقری کنی نے کہا کہ ایران فوری طور پر مسئلے کو حل کرنے کے لئے تیار ہے اس شرط پر کہ امریکہ بھی سنجیدگی کا مظاہرہ کرے۔