Aug ۲۲, ۲۰۲۲ ۱۵:۵۶ Asia/Tehran
  • امریکہ کے منطقی جواب کا انتظار ہے، ترجمان وزارت خارجہ

اسلامی جمہوریہ ایران نے ویانا مذاکرات کے بارے میں کہا ہے کہ امریکہ نے اب تک یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کی تجاویز کے بارے میں تہران کو کوئی جواب نہیں دیا ہے۔


ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے پیر کو اپنی ہفتے وار پریس کانفرنس میں ویانا مذاکرات کے بارے میں نامہ نگاروں کے سوالات کے جواب میں کہا ہے کہ ہم نے ابھی مذاکرات کا راستہ ترک نہیں کیا ہے اور مذاکرات کا یہ راستہ بدستور طے کیا جا رہا ہے تاہم مذاکرات کے نتیجہ بخش ہونے کے بارے میں اس وقت ہی کچھ کہا جا سکتا ہے کہ جب امریکہ کی جانب سے جواب موصول ہو جائے لیکن امریکہ نے اب تک یورپی یونین کے کوآرڈینیٹر کی تجاویز کے بارے میں ایران کو کوئی جواب نہیں دیا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ایران اپنی ریڈ لائنوں کو ہرگز عبور نہیں کر سکتا جبکہ تہران ایک اچھے پا‏‏ئیدار اور مستحکم سمجھوتے کے حصول کا خواہاں ہے۔
انھوں نے سعودی عرب کے ساتھ ایران کے مذاکرات کے بارے میں کہا کہ تہران کا خیال ہے کہ مذاکرات کے آغاز سے دونوں ملکوں کے مفادات کے تحفظ میں مدد ملے گی اور اب تک مذاکرات کا عمل مثبت اور تعمیری رہا ہے مگر بعض مسائل میں نظریاتی اختلاف بھی پایا جا تا ہے۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے شام کی صورت حال کے بارے میں ایک نامہ نگار کے سوال کے جواب میں کہا کہ اس وقت علاقے اور علاقے سے باہر مختلف ممالک شام کی صورت حال پر حقیقت کی نظر سے توجہ دے رہے ہیں اور شام میں گذشتہ نو برسوں میں جو کچھ پیش آیا وہ دیگر ملکوں کی مداخلت کا نتیجہ رہا مگر اس وقت شام کی نئی صورت حال کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے جس سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ شام، بحران کا مرحلہ کامیابی کے ساتھ عبور کر چکا ہے اور اس ملک نے دہشت گردوں کے مقابلے میں اہم ترین کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اسی طرح قیدیوں کے تبادلے کے بارے میں کہا کہ اس مسئلے کا انسانی تناظر میں جائزہ لیا جا رہا ہے اور پابندیوں کے خاتمے کےلئے ہونے والے مذاکرات میں اس موضوع کا کوئی عمل دخل نہیں ہے اور ہمارا خیال ہے کہ قیدیوں کو بلا سبب گرفتار کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران، شہید جنرل قاسم سلمیانی کے قتل کیس کی بدستور پیروی کر رہا ہے اور قاتلوں سے انتقام کا مسئلہ فراموش نہیں کیا گیا ہے اور یہ مسئلہ مسلسل سنجیدگی کے ساتھ زیرغور ہے اور اس مسئلے کا بھی مذاکرات سے کوئی تعلق نہیں ہے 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے اسی طرح ایران کے وزیر خارجہ کے دورہ افریقہ کی خبـر دی اور کہا کہ وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان پیر کے روز ایک اعلی سطحی وفد کے ساتھ براعظم افریقہ کے دورے پر مالی کے لئے روانہ ہو رہے ہیں جبکہ وہ تنزانیہ، اور زنگبار کا بھی دورہ کریں گے۔ 

ٹیگس