Sep ۲۳, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۳ Asia/Tehran
  • پورا ایران بلوائیوں کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا

ایرانی قوم ایک پیج پر ہے اور آج ایران کے غیور عوام نے ایک بار پھر اس کا عملی ثبوت پیش کیا۔

اسلامی جمہوریہ ایران میں حالیہ دنوں میں پر تشدد واقعات اور فسادات کے بعد آج ایران کے مختلف شہروں میں فسادات اور مذہبی مقدسات کی توہین کے خلاف مظاہرے ہوئے اور ایرانی عوام نے اس کی شدید مذمت کی۔

دارالحکومت تہران میں نماز جمعہ کے بعد تہران یونیورسٹی سے ایکی ریلی نکالی گئی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی ۔ مظاہرین کے ہاتھوں میں بینرز، پلے کارڈ اور اسی طرح رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور شہید جنرل قاسم سلیمانی کی تصاویر تھیں۔

مظاہرین انقلاب اسلامی اور رہبر انقلاب اسلامی کے حق میں اور منافقین اور دشمنوں کے خلاف زبردست نعرے لگا رہے تھے۔

دارالحکومت تہران  کی طرح ایران کے دوسرے شہروں من جملہ ہمدان، زنجان، مشہد مقدس، قم، شیراز اور یزد میں بھی بڑی بڑی ریلیاں نکالی گئیں اورزبردست احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔

یاد رہے کہ بلوائیوں اور شرپسندوں نےایران میں نوجوان لڑکی مہسا امینی کی موت کو بہانہ بنا کر ہنگامے کئے، عمومی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور فائر بریگیڈ کی 23 گاڑیوں، 43 بسوں اور54 بس اسٹینڈ کو بری طرح نقصان پہنچایا۔

واضح رہے کہ امریکہ اور مغربی ممالک مہسا امینی کی موت سے سیاسی فائدہ اٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں اور اس مسئلے کو لے کر تہران کے خلاف ایک عالمی محاذ کھولنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ماضی کی طرح انھیں اس بار بھی ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا اس لئے کہ ایرانی قوم ایک پیج پرہے اور آج ایران کے غیور عوام نے ایک بار پھر اس کا عملی ثبوت پیش کیا۔

ٹیگس