Oct ۱۴, ۲۰۲۲ ۰۶:۵۴ Asia/Tehran
  • پورے ایران میں جشن کا ماحول

پورے اسلامی جمہوریہ ایران میں رحمت للعالمین، خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور صادق آل محمد حضرت امام جعفر صادق علیہ الصلوات و السلام کی شب ولادت باسعادت کا جشن منایا جا رہا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: رپورٹوں کے مطابق دنیا کے دیگر ملکوں کی مانند اسلامی جمہوریہ ایران میں بھی پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم اور فرزند رسول حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام کی ولادت کی مناسبت سے جشن و مسرت کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے-

اس پر برکت موقع کی مناسب سے ایران کے تمام چھوٹے بڑے شہروں اور دیہی علاقوں بالخصوص مشھد مقدس، قم، اصفہان، شیراز اور تہران میں جشن و مسرت کی خصوصی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے- خوشی کے اس مبارک موقع پر مشہد مقدس میں فرزند رسول حضرت امام علی ابن موسی الرضا (ع) اور قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں پر خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا ہے- ان تقریبات میں علماء و ذاکرین نے رسول اسلام (ص) اور حضرت امام جعفرصادق (ع) کی سیرت طیبہ پر روشنی اور فضائل و مناقب بیان کئے جا رہے ہیں-

ایران اسلامی میں اس موقع پر اتحاد بین المسلمین کے دلفریب مناظر بھی نظر آ رہے ہیں اور شیعہ سنی مسلمان مل کر حضرت ختمی مرتبت اور صادق آل محمد (ع) کی ولادت باسعادت کا جشن منا رہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کر رہے ہیں-

تہران کے عوام کی جانب سے بھی اس مبارک موقع کی مناسبت سے جگہ جگہ نذر و نیاز اور مٹھائی و شربت کا اہتمام کیا گیا ہے- قابل ذکر ہے کہ اہلسنت بارہ ربیع الاول کو رسول اسلام حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم کا یوم ولادت باسعادت مناتے ہیں جبکہ شیعہ مسلمانوں کی روایت کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کا یوم ولادت باسعادت سترہ ربیع الاول ہے۔

بانی اسلامی جمہوریہ ایران امام خمینی (رح) نے اتحاد بین مسلمین کو فروغ دینے کی غرض سے بارہ سے سترہ ربیع الاول کو ہفتہ وحدت کا عنوان قرار دیا ہے اور ایران اور دنیا کے مختلف ممالک میں اسی مناسبت سے بارہ ربیع الاول سے لے کر سترہ ربیع الاول تک مختلف تقریبات کا انعقاد ہوتا ہے- اسی مناسبت سے تہران میں پنتیسویں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس بھی جاری ہے۔ اتوار کو اس کانفرنس کا اختتامی سیشن ہوگا جبکہ رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای بھی کانفرنس کے مندوبین اور مہمانوں سے خطاب کریں گے۔

ٹیگس