Oct ۲۷, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۰ Asia/Tehran
  • فن لینڈ نے شاہ چراغ کے حرم پر دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی

اسلامی جمہوریہ ایران کے صوبہ فارس کے صدر مقام شیراز میں واقع امام زادہ شاہ چراغ کے حرم مقدس میں دہشت گردانہ حملے پر فن لینڈ کا ردعمل سامنے آیا ہے۔

سحر نیوز/ ایران: فن لینڈ کے وزیر خارجہ نے شاہ چراغ کے مقدس حرم میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے، چاہے دہشت گردی کسی بھی شکل میں ہو۔

فارس نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق فن لینڈ کے وزیر خارجہ "پیکا ہاویستو" نے شیراز میں شاہ چراغ کے روضۂ مقدس پر دہشت گردانہ حملے کے بارے میں ٹوئٹ کیا کہ مجھے ایران کے شہر شیراز میں شاہ چراغ کے روضے پر دہشت گردانہ حملے پر شدید افسوس ہے، میں متاثرین کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اور فن لینڈ ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔

واضح رہے کہ بدھ کی شام ایک مسلح شخص نے شاہ چراغ کے مقدس روضے میں داخل ہوکر زائرین پر فائرنگ کر دی تھی، اس دہشت گردانہ حملے میں 15 افراد شہید اور 19 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے پہلے اقوام متحدہ، چین، روس، ترکی، آذربائیجان، آرمینیا، شام، عمان اور پاکستان سمیت متعدد ممالک دہشت گردی کے اس واقعہ کی مذمت کر چکے ہیں۔

ٹیگس