سحر عالمی نیٹ ورک کا چھبیسواں یوم تاسیس
سحر عالمی نیٹ ورک کا چھبیسواں یوم تاسیس آج منایا گیا۔
سحر عالمی نیٹ ورک کی چھبیسویں سالگرہ کے موقع پر ایک مختصر مگر پر وقار تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں بڑی تعداد میں کارکنوں اور مدیران نے شرکت کی۔ اس موقع پر نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کارکنوں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں ۔
سحر عالمی نیٹ ورک کی اردو سروس کے چیف ایڈیٹر نیوز سید محمد مہدی شرافت کو چینل کا بہترین چیف ایڈیٹر قرار دیا گیا۔ جبکہ رباب منصوری سحر اردو کی بہترین ہوسٹ قرار پائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سحر عالمی نیٹ ورک کے ڈائریکٹر علی برزی نے کارکنوں کو یوم تاسیس کی مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ سحر ٹی وی کے تمام کارکن مطلوبہ اہداف و مقاصد کے حصول کے لیے مجاہدانہ خدمات انجام دے رہے ہیں جو لائق تحسین ہے۔
واضح رہے کہ سحر عالمی نیٹ ورک پانچ چینلوں پر مشتمل ہے جس میں اردو، کردی، آذری نیز بلقان اور سحر افغانستان شامل ہیں۔
یاد رہے کہ سحر عالمی نیٹ ورک کا قیام نومبر انیس سو چھیانوے کو عمل میں آیا تھا۔