فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کی کامیابی پر ملک بھر میں جشن، صدر نے دی مبارکباد
فٹبال ورلڈ کپ میں ایران کی کامیابی پر ملک بھر میں جشن منانے کا سلسلہ جاری ہے اور صدر مملکت نے قومی ٹیم اور ایرانی عوام کو مبارکباد دی ہے۔
ایران کے عوام نے آج قطر میں جاری فیفا 2022 ورلڈ کپ میں ایرانی قومی ٹیم کی شاندار کامیابی پر سڑکوں پر نکل کر جشن منایا، ایران کے حق میں نعرے لگائے اور گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ہارن بجائے۔
پر جوش عوام کے ہاتھوں میں ایران کے پرچم تھے اور وہ خوشی سے انھیں لہرا رہے تھے۔
ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے فٹبال ورلڈ کپ میں ویلز کے خلاف فتح کے بعد ایرانی قومی فٹبال ٹیم اور ایرانی قوم کو مبارکباد دی ۔ اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ قوم کی نیک دعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔
قطر میں جاری فٹبال فیفا ورلڈ کپ 2022 میں آج ایران اور ویلز کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں اور ایرانی کھلاڑیوں نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یہ اہم میچ 2 صفر سے جیت لیا۔
پہلے ہاف میں ایرانی کھلاڑی گول کرنے کے مواقع بنائے مگر گیند کو جال میں پہنچانے میں ناکام رہے، اسی کشمکش میں پہلا ہاف بغیر گول کے برابری پر ختم ہوگیا۔
دوسرا ہاف شروع ہوا تو ایران نے پھر سے حملوں کا سلسلہ شروع کیا اور ایرانی کھلاڑیوں نے ویلز پر دباؤ بڑھایا۔
ایران نے دونوں گول میچ کے آخری 3 منٹ میں کئے۔ ایرانی کھلاڑیوں نے ہر چند کہ اس میچ میں گول کرنے کے کئی مواقع گنوا دیئے تاہم کھلاڑیوں نے حوصلہ نہیں ہارا اور آخری منٹ تک ویلز کی ٹیم کو دباو میں رکھا ۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 میں ایران کا اس گروپ میں اگلا میچ امریکہ کے ساتھ ہو گا اور آج کی کامیابی کے بعد ایرانی کھلاڑیوں کے حوصلے بہت بلند ہو گئے۔
فیفا ورلڈ کپ 2022 میں ایران کا یہ دوسرا میچ تھا۔