عراق کی حفاظت کے لئے ہم اپنا سینہ سپر کر دیں گے: رہبر انقلاب اسلامی+ تصاویر
رہبر انقلاب اسلامی نے عراقی وزیر اعظم سے ملاقات میں دشمن کے مقابلے میں عوام اور نوجوان قوتوں کے بھروسے اور ڈٹ جانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
سحر نیوز ایران: عراق کے وزیر اعظم محمد شیاع السودانی نے منگل کی شام تہران میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے ملاقات کی ۔ رہبر انقلاب اسلامی نے اس ملاقات میں عراق کے وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ عراقی عوام اور ان نوجوان قوتوں کے بھروسے، جو داعش کے مقابلے میں امتحان میں کامیاب رہی ہیں ، استحکام کے ساتھ ڈٹ جایا جائے ۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ عراق کی پیشرفت اور اس کا اپنی حقیقی پوزیشن تک ارتقاء اسلامی جمہوریہ ایران کے مفاد میں ہے اور آپ جناب سودانی صاحب وہ شخص ہیں جن کے پاس عراق کے امور اور روابط کو آگے لے جانے اور اس ملک کو خود مختار پوزیشن اور اس کے تمدن و تاریخ کے شایان شان مقام تک پہنچانے کی صلاحیت ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے عراق کے وزیر اعظم کے طور پر شیاع السودانی کے انتخاب پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ آپ ایک مومن با صلاحیت انسان ہیں اور حکومت عراق کے سربراہ کے طور پر ان کا انتخاب خوشی کا سبب ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے عراق کو قدرتی اور انسانی وسائل کے ساتھ ساتھ ثقافتی، تاریخی اور تہذیبی پس منظر کے لحاظ سے خطے کا بہترین عرب ملک قرار دیا اور فرمایا کہ بد قسمتی سے اتنے پس منظر کے باوجود عراق ابھی تک اپنے عروج اور اپنے حقیقی مقام تک نہیں پہنچ سکا ہے اور امید ہے کہ آپ کی موجودگی میں، عراق اپنی حقیقی ترقی اور مقام حاصل کرے گا۔
انہوں نے عراق کے حقیقی مقام تک پہنچنے کے لیے بنیادی ضرورتوں میں سے ایک عنصر عراق کے اندر پارٹیوں کی ہم آہنگی اور اتحاد کو قرار دیا کیا اور کہا کہ اس پیشرفت کے لیے ایک اور ضرورت، جوان، متحرک و بامقصد عراقی افواج کا زیادہ سے زیادہ استعمال ہے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے فرمایا کہ بے شک عراق کی ترقی کے ایسے دشمن بھی ہیں جو ظاہری طور پر دشمنی کا مظاہرہ نہیں کرتے لیکن وہ آپ جیسی حکومت کو قبول نہیں کرتے اور انہیں عوام اور حوصلہ مند اور جوان قوتوں پر بھروسہ کرنا چاہیے۔
انہوں نے عراقی وزیر اعظم کے ان الفاظ کا ذکر کرتے ہوئے کہ آئین کے مطابق ہم کسی بھی فریق کو ایران کی سلامتی کو درہم برہم کرنے کے لیے عراقی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کہا کہ بدقسمتی سے عراق کے بعض علاقوں میں ایسا ہو رہا ہے اور اس کا واحد حل یہ ہے کہ عراق کی مرکزی حکومت کو ان علاقوں تک بھی اپنا اثر و رسوخ نیز اختیار بڑھانا چاہیے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے تاکید کی کہ بلاشبہ عراق کی سلامتی کے بارے میں ہمارا نظریہ یہ ہے کہ اگر کوئی فریق عراق کی سلامتی میں خلل ڈالنے کا ارادہ رکھتا ہے تو ہم اس کے سامنے اپنے سینوں کو سپر بنا دیں گے اور عراق کی حفاظت کریں گے۔