یورپی ممالک ماضی کی غلطیوں کی تکرار نہ کریں، جنرل سلامی
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل سلامی نے سپاہ پاسداران کا نام دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کئے جانے کی یورپی پالمینٹ کے اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی ممالک ماضی کی غلطیوں کا اعادہ نہ کریں۔
سحر نیوز/ایران: سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف جنرل سلامی نے ہفتے کے روز ایران کی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف سے ملاقات کے بعد ایک بیان میں کہا ہے کہ قدس فورس اور شہید جنرل سلیمانی کی کمان میں اگر سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کی مجاہدت نہ ہوتی تو یقینا اس وقت ہر طرف دہشت گردی کی وہ آگ بھڑکی ہوئی ہوتی جو امریکہ نے لگائی ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ اب تک خود یورپ بھی اس آگ کی لپیٹ میں آچکا ہوتا اور پورا براعظم زوال سے دوچار ہوچکا ہوتا ۔ انھوں نے کہا کہ یورپ اور امریکہ فلسطینیوں کے بر حق دفاع کو دہشت گردی اورغاصب صیہونیوں کی جارحیت کو جائز، اپنے ملک کی سرحدوں سے متعلق یمنی عوام کے دفاع کو جارحیت اور سعودی عرب اور اس کے اتحادیوں کی جارحیت کو جائز و دفاع کہتے ہیں اور اسی طریقے سے وہ اپنی اقدار سے متعلق ایرانی عوام اور سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے دفاع کو دہشت گردی قرار دیتے ہیں۔
سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر انچیف نے کہا کہ یورپ اور امریکہ خود کو دہشت گردی کا مخالف کہتے ہیں جبکہ وہ خود دہشت گردوں کی پناہ گاہ بنے ہوئے ہیں ۔ انھوں نے کہا کہ یورپ نے دو بار خود کو عالمی جنگ کے مقابل لا کھڑا کیا اور اس وقت وہ ماضی کی ان ہی جنگوں کی تباہی و بربادی کی نئی شکل ہے اور اس براعظم نے ماضی کی اپنی غلطیوں سے اب تک کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔
جنرل سلامی نے کہا کہ یورپ سمجھتا ہے کہ اپنے اس قسم کے بیانات سے ایمان کی طاقت ، خدا پر توکل کی حامل سپاہ پاسداران کے آہنی عزم و ارادے کو متزلزل کر سکتا ہے ۔
یاد رہے کہ یورپی پارلیمنٹ کے اراکین نے بدھ کے روز ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کو دہشت گرد قرار دیئے جانے کی تجویز کے حق میں ووٹ دیئے ہیں۔
دریں اثنا ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبد اللہیان نے سوئیڈن کے اپنے ہم منصب توبیاس بیلسترم سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپاہ پاسداران نے یورپی دارالحکومتوں کو دہشتگرد ٹولے داعش کے حملوں سے بچایا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نجات پانے میں یورپی ملکوں کو ایران کی سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی کا احسان مند ہونا چاہئے۔
امیر عبداللہیان نے سپاہ پاسداران کے سلسلے میں یورپی پارلیمنٹ کے تخریبی اقدامات کو اقوام متحدہ کے منشور کے خلاف قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ سپاہ پاسداران نے عراق، شام اور مغربی ایشیا میں دہشتگرد ٹولے داعش کے خلاف جنگ میں اہم اور تعمیری کردار ادا کیا ہے اور اسے نابود کر کے سپاہ نے یورپی دارالحکومتوں کو داعشی حملوں کے مقابلے میں محفوظ بنایا ہے۔