Feb ۱۰, ۲۰۲۳ ۱۶:۰۴ Asia/Tehran
  • امریکی کانگریس کا 17 ہزار ایرانی شہریوں کے قاتلوں سے براہ راست رابطہ: ناصر کنعانی

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک پیغام میں ایم کے او دہشت گرد گروہ کے لئے امریکی حمایت پر کڑی تنقید کی ہے۔

سحرنیوز/ایران: امریکی ایوان نمائندگان کے ایک سو پینسٹھ ارکان نے ایسی حالت میں کہ ایران میں بلووں اور ہنگاموں کا سلسلہ اب بالکل تھم چکا ہے، ایک قرارداد میں ان ہنگاموں اور بلووں کے بارے میں اپنے پرانے دعووں کی تکرار کرتے ہوئے ایران کے مستقبل کی حمایت کے بہانے ایم کے او دہشت گرد گروہ اور اس کی سرغنہ کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔ 
ستمبر دو ہزار بائیس میں ایران کے کچھ علاقوں میں بلوے شروع ہوئے تھے تو اسی وقت ان بلووں کو بڑھاوا دینے میں بعض ذرائع ابلاغ اور بعض ملکوں کی کرتوتوں کا پتہ چل گیا تھا۔ 
ان ہنگاموں اور بلووں کے دوران امریکی سیاسی حکام، غاصب صیہونی حکومت اور بعض یورپی ملکوں اور ان کے ذرائع ابلاغ اور اسی طرح مغرب کے حمایت یافتہ ایران مخالف فارسی نشریاتی اداروں نے ایرانی قوم کے حقوق کی حمایت کا نعرہ لگاتے ہوئے ایران میں بدامنی پھیلانے کے لئے بلوائیوں کی کھلی حمایت کا اعلان کیا تاکہ ایران کے مختلف علاقوں میں کسی بھی طرح سے خانہ جنگی کی آگ بھڑکائی جاسکے۔ 
ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے جمعے کے روز ٹوئٹ کیا کہ امریکی ایوان نمائندگان کے ایک سو پینسٹھ ارکان نے ایم کے او دہشت گرد گروہ اور اس کی سرغنہ کی حمایت کا اعلان کر کے پوری دنیا پر دہشت گردی سے امریکی نظام کے مستحکم گہرے بندھن کو ثابت کر دیا۔ 
انھوں نے کہا کہ البتہ یہ بات کوئ‏ی عجیب بھی نہیں ہے اس لئے کہ ایک ایسا ملک جو داعش جیسا دہشت گرد گروہ تشکیل دے کر اس کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتا رہا ہے اور جس نے مختلف طریقوں سے یہاں تک کہ ہتھیار فراہم کر کے سترہ ہزار ایرانیوں کے قاتلوں کی حمایت کی ہے، کسی بھی اعتبار سے شرم کا احساس تک نہ کرے۔ 
سن انیس سو اناسی میں ایران میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد سے اب تک ایم کے او سمیت مختلف طرح کے خطرناک دہشت گرد گروہوں کی حمایت کی بدولت سترہ ہزار سے زائد ایرانی حکام و عوام کا قتل عام کیا جا چکا ہے اور ان گروہوں کو کہ جن میں سر فہرست ایم کے او نامی درندہ صفت دہشت گرد گروہ شامل ہے، یورپ و امریکہ کی کھلی حمایت حاصل رہی ہے۔ 
امریکیوں نے ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد اس گروہ کی مالی واسلحہ جاتی نیز تشہیراتی سمیت ہر قسم کی مدد و حمایت کی ہے اور اس طرح امریکی حکام نے ایرانی عوام کے خلاف وحشیانہ ترین جرائم کا ارتکاب کیا۔ جبکہ ایران کے مسافر بردار طیارے کو مار گرانا ایران کے خلاف مسلط کردہ جنگ میں صدام کو مختلف قسم کے ہتھیاروں اور کیمیائی ہتھیاروں کی فراہمی جیسے جرائم ان سے جدا ہیں۔ ایرانی عوام کے خلاف غیر قانونی اور ظالمانہ پابندیوں کا نفاذ اور بین الاقوامی ایٹمی معاہدے کی خلاف ورزی نیز بیماروں کو علاج و معالجے اور دواؤں کی فراہمی سے محروم کرنا جیسے جرائم بھی ان جرائم سے الگ ہیں۔ 

ٹیگس