امریکہ کی بے رحمانہ پابندیوں کی زد میں آرہے ہیں تھیلیسیمیا میں مبتلا ایرانی شہری
ایک امریکی ویب سائٹ نے بھی کہہ دیا ہے کہ واشنگٹن کے دعووں کے برخلاف، امریکہ پیچیدہ بیماریوں میں مبتلا ایرانی شہریوں تک ضروری ادویات پہنچنے نہیں دے رہا ہے۔
سحر نیوز/ ایران: امریکی ویب سائٹ انٹرسیپٹ کے مطابق، ایران کی تھیلیسیمیا سوسائٹی نے امریکہ کے ریاست اوریگان کی فیڈرل عدالت میں امریکی حکومت اور اوفیک ادارے کے خلاف ایک کیس درج کیا ہے۔ شکایت نامے میں درج ہے کہ واشنگٹن ایران میں موجود تھیلیسیمیا میں مبتلا بیماروں تک ادویات پہنچنے نہیں دے رہا ہے۔
ایران کی تھیلیسیمیا سوسائٹی کے شکایت نامے میں آیا ہے کہ امریکی حکومت کے دعووں کے برخلاف کہ انسان دوستانہ امداد اور ادویات کے شعبے میں ایران پر کسی بھی قسم کی پابندی نہیں لگائی گئی ہے، وائٹ ہاؤس نے بینکنگ سسٹموں پر پابندی لگا کر مذکورہ بیماری میں مبتلا ایرانیوں کی، ضروری ادویات تک دسترسی کو مکمل طور پر روک دیا ہے۔
ایران کی تھیلیسیمیا سوسائٹی نے شکایت کی ہے کہ امریکی پابندیوں کے خوف سے اس بیماری کی مخصوص ادویات بنانے والی کمپنیاں ایران کے ساتھ تعاون کرنے سے انکار کر رہی ہیں جس کے نتیجے میں اب تک خون کی اس بھیانک بیماری میں مبتلا ہزاروں شہری یا تو اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھ چکے ہیں یا پھر انہیں ناقابل تلافی جسمانی نقصان پہنچا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ تھیلیسیمیا، خون کی قلت کی ایک بیماری ہے جو کہ جینیاتی طریقے سے منتقل ہوتی ہے۔ بڑے ہونے کے ساتھ ساتھ اس بیماری میں مبتلا افراد کے چہرے کی ہڈیوں میں غیرمتوازن تبدیلی آنے لگتی ہے اور لیور اور تلی بری طرح متاثر ہوجاتے ہیں۔
یاد رہے کہ ایران کے میڈیکل شعبے پر عائد امریکی پابندیوں کے نتیجے میں گذشتہ ایک سال کے دوران تھیلیسیمیا میں مبتلا چھے سو باسٹھ بیماروں کی جان جا چکی ہے۔