Oct ۰۸, ۲۰۲۳ ۱۵:۴۱ Asia/Tehran
  • طوفان الاقصی نے ثابت کردیا کہ کھوکھلی صیہونی حکومت کی طاقت اور ہیبت کی داستانیں جھوٹی ہیں: ایران

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے کہا ہے کہ طوفان الاقصی نے ایک بار پھر غاصب صیہونی حکومت کی طاقت اور ہیبت کی حقیقت بے نقاب کردی ہے۔

سحرنیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری نے اپنے پیغام میں فلسطین کی اسلامی استقامتی تحریک حماس کے قابل فخر آپریشن طوفان الاقصی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی اور سرزمین فلسطین پر قابض سر تا پا مسلح غاصب حکومت کے مراکز اور فوجی ٹھکانوں پر وسیع حملوں نے ایک بار پھر ثابت کردیا ہے کہ اس کھوکھلی حکومت کی طاقت اور ہیبت کی داستانیں جھوٹی ہیں۔

جنرل باقری نے کہا کہ فلسطینیوں کے آپریشن طوفان الاقصی نے صیہونی حکومت کا شیرازہ بکھرجانے کے صیہونی حکام کے ڈراؤنے خواب کو یقین میں تبدیل کردیا ہے۔انھوں نے کہا کہ استقامتی فلسطینی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی نے یہ بھی ثابت کردیا کہ غاصب صیہونی حکومت کے ساتھ روابط معمول پر لانے کے مضحکہ خیز ڈرامے کی کوششیں بھی مکڑی کے اس جالے کے تاروپود کے بکھرنے اور اس کی نابودی میں تاخیر کا باعث نہیں بن سکتیں۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ نے کہا ہے کہ وہ دن دور نہیں ہے جب فلسطینی نوجوان مسجدالاقصی کو صیہونی دشمن کے چنگل سے آزاد کرالیں گے۔

ٹیگس