ہم بہت جلد ایک ساتھ مسجدالاقصی میں نماز پڑھیں گے: صدر ایران
ایران کے صدر نے کہا ہے کہ فلسطینی مجاہدین کے فاتحانہ آپریشن سے مقبوضہ فلسطین میں جو کچھ ہوا ہے اس کا انتظار فلسطینی عوام اور امت اسلامیہ کو ستر سال سے تھا۔
سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سید ابراہیم رئیسی نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ سے ٹیلی فون پر گفتگو میں استقامتی محاذ کے آپریشن طوفان الاقصی کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ استقامتی محاذ کے مجاہدین نے آپریشن طوفان الاقصی کے ذریعے مقبوضہ فلسطین کے اندر اپنی شرافتمندانہ اور افتخار آفریں کارروائیوں سے امت اسلامیہ کا سر بلند کردیا ہے اور مجاہدین راہ خدا کا فولادی ارادہ غاصب صیہونی حکومت پر حتمی فتح کی نوید دے رہا ہے۔
صدرمملکت نے کہا کہ انشاءاللہ ہم بہت جلد ایک ساتھ مسجدالاقصی میں نماز پڑھیں گے۔ اس ٹیلی فونی گفتگو میں حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ نے کہا کہ صیہونی دشمن کے ساتھ جنگ کے میدان میں جو کچھ حاصل ہوا ہے اس کی تکمیل، فلسطینی قوم کی حتمی فتح سے ہوگی ۔
حماس کے سربراہ نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں فلسطینی مجاہدین اورعوام کی طرف سے، صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے اصولی اوراسلامی موقف نیز اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کی حمایت کی قدردانی کی ۔
انھوں نے صیہونی دشمن کی جارحیت، اور مسجدالاقصی نیز فلسطینی نمازیوں کی توہین کو اس آپریشن کی بنیادی وجہ بتایا اور کہا کہ اس جنگ میں صیہونی فوج اور استقامتی محاذ کے فوجی سازوسامان اوروسائل میں تناسب نہ ہونے کے باوجود فلسطینی مجاہدین نے وسیع اورحیرت انگیز کارروائیوں سے صیہونی حکومت کو مبہوت کردیا۔