ایران میں پارلیمانی اور ماہرین کی کونسل کی انتخابی مہم کا وقت ختم ہوگیا
ایران کے الیکشن کمیشن نے اپنے ایک بیان میں اعلان کیا ہے کہ ماہرین کی کونسل اور پارلیمنٹ کے انتخابات کے لئے انتخابی مہم کا وقت جمعرات کو صبح آٹھ بجے ختم ہوگیا-
سحراردو/ ایران: ایران کے مرکزی الیکشن کمیشن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران اسلامی کے عوام کو اطلاع دی جاتی ہے کہ پارلیمانی انتخابات کے آئین کی ستّرویں اور ماہرین کی کونسل کے انتخابی آئین کی سترہویں شق کے مطابق پارلیمنٹ کے بارہویں اور ماہرین کی کونسل کے چھٹے دور کے انتخابات کے امیدوار جمعرات کو صبح آٹھ بجے تک اپنی انتخابی مہم چلا سکتے تھے اور اس کے بعد کسی قسم کی انتخابی مہم ممنوع ہوگی-
لہذا تمام امیدواروں ، سیاسی پارٹیوں ، ان کے حامیوں اور عام شہریوں سے تقاضہ کیا جاتا ہے کہ انتخابی مہم کا وقت ختم ہونے کے بعد کسی بھی طرح کی انتخابی مہم چلانے سے پرہیز کريں چاہے وہ کسی امیدوار کے حق میں ہو یا اس کے خلاف ہو ۔الیکشن کمیشن کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ووٹنگ کے روز بھی تصویر یا پمفلیٹ جیسی کسی بھی تشہیراتی علامت رکھنے سے پرہیز کیا جائے ۔