May ۲۴, ۲۰۲۴ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • شہید صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی ابتدائی رپورٹ ، اب تک تخریبی کارروائی کے شواہد نہیں ملے ہیں: تحقیقاتی کمیٹی

شہید صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر حادثے کی تحقیقات کرنے والی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک تخریبی کارروائی کے شواہد نہیں ملے ہیں-

سحرنیوز/ ایران : رپورٹ کے مطابق شہید صدر رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کی تحقیقات کے لئے تشکیل دی گئی کمیٹی نے جمعرات کو ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سانحے کے ممکنہ اسباب کے بارے میں کافی معلومات جمع کی گئی ہیں جن میں فنی اور ٹیکنیکل خرابی کے علاوہ دیگر امور شامل ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بعض امور کے بارے میں یقینی طور پر کچھ کہنے کے لئے زیادہ وقت درکار ہے جبکہ ابتدائی تحقیقات کے بعد جو حقائق سامنے آئے ہیں وہ کچھ اس طرح ہیں۔

1۔ ہیلی کاپٹر پہلے سے طے شدہ راستے پر سفر کر رہا تھا اور اپنے راستے سے نہیں ہٹا-

2۔ حادثے سے تقریبا ایک منٹ تیس سیکنڈ پہلے حادثے کا شکار ہونے والے ہیلی کاپٹر کے پائلٹ نے باقی دونوں ہیلی کاپٹر کے پائلٹوں سے رابطہ کیا تھا۔

3۔ ہیلی کاپٹر کی باقیات اور ملبے سے گولہ لگنے یا تخریبی کاروائی کے کوئی شواہد نہیں ملے-

4 ۔ ہیلی کاپٹر کو حادثہ پیش آنے کے بعد آگ لگ گئی تھی-

5- علاقہ دشوار گزار ہونے اور دھند کی وجہ سے تلاش کا عمل رات تک طول پکڑ گیا اور پوری رات جاری رہا۔ پیر کی صبح پانچ بجے ایرانی ڈرون طیاروں نے حادثہ کی جگہ ڈھونڈ نکالی اور امدادی کارکن جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔

6۔ کنٹرول ٹاور اور ہیلی کاپٹر کے عملے کے درمیان ہونے والی گفتگو اور مکالموں سے کوئی مشکوک مواد نہیں ملا۔ مسلح افواج کی زیرنگرانی تشکیل پانے والی تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ سانحے کے بارے میں بیشتر معلومات اور ثبوت جمع کر لیے گئے ہیں جن میں سے بعض کی تحقیقات میں وقت لگے گا۔ ماہرین کی جانب سے تحقیقات مکمل ہونے کے بعد نتائج سے قوم کو آگاہ کیا جائے گا۔

 

 

ٹیگس