شہید سلیمانی پر دہشت گردانہ حملے کی قانونی چارہ جوئی پر زور
https://urdu.sahartv.ir/news/iran-i435396-شہید_سلیمانی_پر_دہشت_گردانہ_حملے_کی_قانونی_چارہ_جوئی_پر_زور
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی شہید کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے حق پر زور دیا ہے۔
(last modified 2025-02-27T04:56:45+00:00 )
Jul ۱۸, ۲۰۲۴ ۱۱:۳۶ Asia/Tehran
  • شہید سلیمانی پر دہشت گردانہ حملے کی قانونی چارہ جوئی پر زور

ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری نے قدس فورس کے کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی شہید کے قاتلوں کو قرار واقعی سزا دلوانے کے حق پر زور دیا ہے۔

سحرنیوز/ایران: سی این این سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی کا کہنا تھا کہ ایران صرف قانونی راستے سے شہید جنرل قاسم سلیمانی کے قاتلوں کو سزا دلوانے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تہران داخلی اور بین الاقوامی قانونی اور عدالتی میکنیزم کے ذریعے شہید قاسم سلیمانی کے قاتلوں اور اس قتل کا حکم دینے والوں کو سزا دلوانے کی کوشش جاری رکھے گا۔
ایران کے قائم مقام وزیر خارجہ نے جو ان دنوں نیویارک میں مقیم ہیں، سی این این کے پروگرام جی پی ایس میں مختلف سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ شہید قاسم سلیمانی کے قاتلوں کو سزا دلوانا ہمارا فطری حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکہ نے خود اعلان کیا تھا کہ اس نے ایران کے اعلی فوجی کمانڈر کو قتل کیا ہے لہذا فطری سی بات ہے کہ ہم اس معاملے کی پیروی کریں اور اس کیس میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر انہیں سزا دلوائيں۔
ٹرمپ پر ہونے والے ناکام قاتلانہ حملے اور اس میں ایران کے ممکنہ کردار کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں قائم مقام وزیر خارجہ علی باقری کنی نے کہا کہ جن واقعات کا آپ نے ذکر کیا ہم سمجھتے ہیں کہ ان کا تعلق امریکی اندرونی اختلافات اور دونوں سیاسی جماعتوں کے درمیان جاری انتخابی مہم جویی ہے۔