Sep ۱۰, ۲۰۲۴ ۱۱:۲۶ Asia/Tehran
  • ہمیں کسی بھی طاقت کے مقابلے کا خوف نہیں، ایران کی بحریہ کے کمانڈر ایڈمرل شہرام ایرانی

اسلامی جمہوریہ کی فوج کی بحریہ کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایرانی بحریہ بحر ہند اور بین الاقوامی سمندروں کی سلامتی کی ذمہ دار ہے اور اس کو اس علاقے اورعلاقے سے باہر کی کسی بھی طاقت کے مقابلے کا خوف نہیں ہے۔

سحرنیوز/ایران: ایڈمیرل شہرام ایرانی نے فوجیوں کے ایک ٹریننگ سینٹر میں اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد ملک کی فوج اور دیگر مسلح افواج نے دفاع اور سیکورٹی کے شعبوں میں اہم اور قابل فخر پیشرفت کی ہے۔ ایڈمیرل شہرام ایرانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب اور آٹھ سالہ مقدس دفاع میں کامیابی میں فوج کے نمایاں کردار کا بارہا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کے اہلکار اپنی بے دریغ مجاہدتوں سے اس راہ پر فروغ کو نقصان نہیں پہنچنے دیں گے۔ ایڈمیرل شہرام ایرانی نے کہا کہ اسلامی انقلاب کی کامیابی کے بعد آٹھ سالہ مقدس دفاع کے دوران ایرانی فوج کی بحریہ کی تمام تر توجہ خلیج فارس پر مرکوز رہی لیکن گزشتہ چند برسوں میں رہبر انقلاب اسلامی کی اسٹریٹیجک تدابیر کے سائے میں، بین الاقوامی سمندروں میں بھی اس نے اہم مشن انجام دیئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کی آج کی طاقت و توانائی کا اس سے پہلے کے کسی بھی دور سے موازنہ نہیں کیا جاسکتا اور ہم نے دفاع کے میدان میں اتنی پیشرفت کرلی ہے کہ علاقے یا علاقے سے باہر کی کسی بھی طاقت کا سامنا کرنے سے ہرگز نہیں گھبراتے۔
ایڈمیرل شہرام ایرانی نے مزید کہا کہ اسلامی نظام کی برکت سے ملک کے سبھی بحری جہاز پوری قوت و توانائی اور سربلندی کے ساتھ بین الاقوامی سمندروں میں دنیا کے ہر نقطے تک رفت وآمد کرتے ہیں اور ہم نے خلیج عدن میں اپنے جنگی بیڑے سے بحری سلامتی قائم کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے جبکہ امریکا جیسا ملک سو جدید ترین جنگی جہازوں کے ساتھ بھی خود کو استقامتی گروہوں کے حملوں سے محفوظ اور اپنے جنگی بیڑوں کو سلامتی نہیں فراہم کرسکا۔ ایڈمیرل شہرام ایرانی نے کہا کہ آج بحر ہند کے ساحلی ملکوں کی سمندری افواج کی سیکورٹی کی ذمہ داری اسلامی جمہوریہ ایران کو سونپی گئی ہے اور ہم ملت ایران کی نمائندگی میں وہاں موثر کردار ادا کر رہے ہیں۔

ٹیگس