Sep ۱۷, ۲۰۲۴ ۱۷:۱۷ Asia/Tehran
  • ایران کی تجویز کا آئی اے ای اے نے کیا خیر مقدم

ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ نے کہا ہے کہ ایران اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے درمیان مستحکم رابطہ جاری ہے اور اس رابطے کو اس طرح سے آگے بڑھایا جا رہا ہے کہ تہران کے مفادات کا تحفظ بھی کیا جا سکے۔

سحر نیوز/ ایران: اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب صدر اور ایران کے ادارہ ایٹمی توانائی کے سربراہ محمد اسلامی نے آئی اے ای اے کے سربراہ رافائل گروسی سے ہونے والا ملاقات میں کہا ہے کہ ایران، آئی اے ای اے کے قوانین و اصول اور اس ایجنسی کی حمایت سے جوہری صنعتی ترقی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

انھوں نے کہا کہ اس ملاقات میں گروسی کو پیشکش کی گئی ہے کہ ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی ایران کی جانب سے فراہم کردہ مواقع سے ایک علاقائی مرکز کی حیثیت سے استفادہ کرے جس کا آئی اے ای اے کے سربراہ نے استقبال کیا۔

محمد اسلامی نے اس ملاقات کو ایران اور آئی اے ای اے کے تعلقات میں آگے کی جانب ایک قدم قرار دیا اور کہا کہ اس ملاقات کا اہم ترین پیغام یہ رہا ہے کہ دنیا کو اس بات کو جان لینا ضروری ہے کہ ایران اور ایٹمی توانائی کی بین الاقوامی ایجنسی کے درمیان مستحکم رابطہ جاری ہے اور کسی بھی طرح کے حربے کے نتیجے میں اس عمل کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔

رافائل گروسی نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ایک پیغام میں محمد اسلامی سے ہونے والی ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مفاہمت کو باقی رکھے جانے کی اہمیت پر اتفاق رائے ہوا ہے ۔ انھوں نے کہا کہ وہ جلد ہی ایران کا دورہ کریں گے۔

واضح رہے کہ ایٹمی توانائی بین الاقوامی ایجنسی کا اڑسٹھ واں جنرل اجلاس ویانا میں ایران سمیت آئی اے ای اے کے رکن ملکوں کی شرکت سے پیرکو شروع ہو گیا۔

ٹیگس