Nov ۰۷, ۲۰۲۴ ۱۷:۳۷ Asia/Tehran
  • نرسنگ ڈے کے موقع پر مقدس شہر مشہد کے رضوی ہاسپٹل سے خاص رپورٹ

اس وقت رضوی ہاسپٹل کےمختلف شعبوں میں 500 نرسیں حضرت امام علی رضا علیہ السلام کی نورانی بارگاہ کے تعاون سے کام کر رہی ہیں جو ہمیشہ مریضوں کو ہمدردی اور پیار سے امید اور زندگی کی بہار کا راستہ دکھاتی ہیں۔

سحر نیوز/ ایران: رپورٹ کے مطابق نرسنگ کا پیشہ صبرو حوصلہ اور عزم و ذمہ داری سے جڑا ہوا ہے ،نرسوں کو ہر روز شدید دباؤ کے حالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ،بعض اوقات مریضوں اور ان کے اہل خانہ کے سخت الفاظ کو نہایت صبر و حوصلے کے ساتھ نظر انداز کرتی ہیں اور بحرانی حالات میں محنت اور لگن کے ساتھ خدمات انجام دیتی ہیں۔

اس رپورٹ میں حضرت زینب(س) کے یوم ولادت کی مناسبت سے جسے ملک بھر میں’’نرسنگ ڈے‘‘ کے طور پر منایاجاتا ہے۔ رضوی ہاسپٹل کے نرسنگ منیجمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جناب سعید موشکاف کہتے ہیں کہ رضوی ہاسپٹل جو امام رضا(ع) سے منسوب ہاسپٹل ہے اس میں ہماری کام کرنے کی ذمہ داری دوگنی بڑھ جاتی ہے کیونکہ جو بھی اس ہاسپٹل میں نرسنگ کے شعبے میں کام کے لئے آتا ہے اسے پتہ ہوتا ہے کہ دوسرے طبی مراکز سے زیادہ یہاں پر اخلاقیات اور اچھے برتاؤ کا خیال رکھنا ہوگا، تاکہ مریضوں کو یہ محسوس ہو کہ وہ امام رضا(ع) سے منسوب ہاسپٹل میں علاج کے لئے آئے ہیں۔

موشکاف نے مزید یہ بتایا کہ صوبہ خراسان رضوی کے پسماندہ علاقوں میں لگائے جانے والے میڈیکل کیمپس میں اس ہاسپٹل کی نرسیں اور کمپونڈرز رضاکارانہ طور پر اپنی مرضی سے طبی خدمات فراہم کرتے ہیں ،اس کے علاوہ تعلیم اور صحت کے فروغ کے پروگراموں میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ محترمہ سارا فرخ راد جو کہ رضوی ہاسپٹل کے ICU میں خدمات انجام دیتی ہے انہوں نے بتایا کہ آ‏‏‏ئی سی یو وارڈ میں کام کرنے والی نرسوں کو دوسرے وارڈز کی نسبت زیادہ علم اور مہارت آنی چاہئے کیونکہ ان کی زیر نگرانی مریض بحرانی اور نازک حالات میں ہوتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کچھ ڈیپارٹمنٹ ایسے ہیں جو نرسوں کی ذہنی صحت پر خصوصی توجہ دیتے ہیں تاکہ ناخوشگوار واقعات کے دوران وہ اپنے آپ پر قابو پا سکیں۔ ان کا مزید یہ کہنا ہے کہ جب سے میں نے رضوی ہاسپٹل میں طبی خدمات شروع کی ہیں ہمیشہ یہ محسوس کرتی ہوں کہ میں امام رضا(ع) کی خادمہ ہوں میں سمجھتی ہوں کہ میں بہت خوش قسمت ہوں کیونکہ جس پیشہ کا مجھے علم اور مہارت ہے اس کے ذریعہ میں امام (ع) کے سائے میں رہ کر اپنے ہمنوع انسانوں کی مدد کر سکتی ہوں۔

ایمرجنسی وارڈ بھی کسی بھی ہاسپٹل کا ایک اہم حصہ ہوتا ہے جس میں نرسوں کومہارت اور تیز رفتاری سے کام کرنا پڑتا ہے۔ اس وارڈ میں کام کرنے والے کمپونڈر حسن عاقبتی نیا ایمرجنسی وارڈ میں خدمات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ یہ وارڈ ہاسپٹل کا سب سے زیادہ رش والا ڈیپارٹمنٹ ہے جہاں کام کا دباؤ بہت زیادہ ہوتا ہے ،یہاں پر مریضوں کی جان بچانے کے لئے دل و جان سے کام کرنا پڑتا ہے اس وارڈ میں کام کرنے والی ٹیم ایک خاندان کی طرح مل کر کام کرتی ہے ۔

 

ٹیگس