Dec ۲۳, ۲۰۲۴ ۰۹:۳۶ Asia/Tehran
  • ایران اور پاکستان کی بحریہ کا تعاون، علاقائی استحکام کا باعث: صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر

صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر احسان کامرانی نے پاکستان کی بحریہ کے امن و دوستی بیڑے کے کمانڈر ریئرایڈمیرل عمر سے ملاقات اور گفتگو کی ہے۔

احسان کامرانی نے اس موقع پر کہا کہ ایران کے صوبہ ہرمزگان اور پاکستان کے مابین ثقافتی، معاشی اور سماجی لحاظ سے بہت سے اشتراکات پائے جاتے ہیں۔

انہوں نے پاکستان کی بحریہ کے امن و دوستی کے بیڑے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی بحریہ، معلومات اور تجربوں کے شعبے میں تعاون کرکے دونوں ممالک کے رشتوں کو مزید مضبوط بنا سکتی ہیں۔

احسان کامرانی نے کہا کہ تمام ریاستوں کے لیے سلامتی اولین ترجیح ہے جسے علاقے کے ممالک باہمی تعاون سے حاصل اور غیرعلاقائی طاقتوں سے چھٹکارا حاصل کرسکتے ہیں۔

 

ایران کے صوبہ ہرمزگان کے ڈپٹی گورنر نے اس موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی بحریہ کو ایک مضبوط اور مؤثر فوجی طاقت قرار دیا۔

پاکستان کے دوستی و امن فلوٹیلا کے کمانڈر ریئر ایڈمیرل عمر نے بھی ایرانیوں کی مہماں نوازی کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کی بحریہ کے تعاون کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا۔

ریئرایڈمیرل عمر نے فوجی وفود کی آمد و رفت کو بھی سیاسی ملاقاتوں جتنا اہم قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ثقافتی اور مذہبی اشتراکات اور دونوں قوموں کے مابین دوستی کے پیش نظر تہران اور اسلام آباد کے تعلقات میں فروغ ضروری ہے۔

 واضح رہے کہ پاکستان کی بحریہ کا امن و دوستی فلوٹیلا 21 دسمبر 2024 یعنی ہفتے کے روز بندرعباس پہنچا۔

چار روزہ دورہ ایران کے موقع پر ریئر ایڈمیرل عمر نے ایران کی بحریہ کے کمانڈروں سے ملاقات کے علاوہ اسلامی جمہوریہ ایران کے شہیدوں کے مزار پر حاضری دی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ پاکستان کی بحریہ کا وفد اس کے علاوہ دوستانہ اسپورٹس مقابلوں اور ثقافتی اور سماجی پروگراموں میں شرکت کرے گا، دونوں ملکوں کے جہازوں پر دوستی میں فروغ کی تقاریب اور خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں مشترکہ فوجی مشقوں کا اہتمام بھی کیا جائے گا۔

 

ٹیگس